Monday, 25 May 2026
  1. Home/
  2. Dr. Muhammad Tayyab Khan Singhanvi/
  3. Dolat Ke Ambar Ya Maliyati Sarab?

Dolat Ke Ambar Ya Maliyati Sarab?

عصرِ حاضر کی عالمی معیشت ایک ایسے مرحلے میں داخل ہوچکی ہے جہاں دولت کی تعریف محض سکّوں، نوٹوں اور بینکوں کے خزانوں تک محدود نہیں رہی، بلکہ سرمایہ اب ڈیجیٹل، مالیاتی اور حصصاتی قوت کی ایک پیچیدہ صورت اختیار کرچکا ہے۔ حالیہ عالمی رپورٹ کے مطابق دنیا کے دس امیر ترین افراد کے پاس مجموعی طور پر تقریباً 2.9 ٹریلین ڈالر کی دولت موجود ہے، مگر حیرت انگیز حقیقت یہ ہے کہ یہ خطیر سرمایہ نقد رقم کی شکل میں محفوظ نہیں بلکہ بڑی بڑی کارپوریشنز کے حصص، سرمایہ کاری فنڈز، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور مالیاتی اثاثوں کی صورت میں موجود ہے۔ یہ انکشاف نہ صرف جدید سرمایہ دارانہ نظام کی ماہیت کو بے نقاب کرتا ہے بلکہ اس تصور کو بھی چیلنج کرتا ہے کہ ارب پتی افراد کے پاس بے شمار نقد دولت کے ڈھیر موجود ہوتے ہیں۔

درحقیقت جدید عالمی معیشت میں "دولت" کا مفہوم تبدیل ہوچکا ہے۔ اب دولت کا مطلب کسی خزانے میں رکھی ہوئی نقدی نہیں بلکہ کمپنیوں کی ملکیت، حصص کی قدر، برانڈ ویلیو، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، مصنوعی ذہانت، خلائی ٹیکنالوجی، ای کامرس اور عالمی مالیاتی اثرورسوخ ہے۔ دنیا کے صفِ اول کے امرا، خواہ وہ ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ ہوں یا سرمایہ کاری کے میدان سے، ان کی دولت کا بڑا حصہ اسٹاک مارکیٹ میں درج کمپنیوں کے حصص پر مشتمل ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر اگر کسی سرمایہ کار کے پاس اپنی کمپنی کے اربوں ڈالر مالیت کے شیئرز موجود ہوں تو وہ بظاہر دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہوگا، مگر اس کے پاس اتنی نقد رقم موجود نہیں ہوتی کہ وہ اسے فوری طور پر استعمال کرسکے۔

اسی حقیقت کے باعث ماہرینِ اقتصادیات یہ وضاحت کرتے ہیں کہ اگر دنیا کے چند بڑے ارب پتی اپنی تمام دولت کو بیک وقت نقد رقم میں تبدیل کرنے کی کوشش کریں تو عالمی مالیاتی منڈیاں شدید بحران کا شکار ہوسکتی ہیں۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ حصص کی قیمتیں سرمایہ کاروں کے اعتماد، مارکیٹ کی طلب اور معاشی استحکام سے وابستہ ہوتی ہیں۔ اگر کسی بڑی کمپنی کا مالک اچانک اپنے حصص فروخت کرنا شروع کردے تو مارکیٹ میں خوف و ہراس پھیل جاتا ہے، حصص کی قیمتیں تیزی سے گرنے لگتی ہیں اور دولت کا تخمینہ بھی سکڑ جاتا ہے۔ گویا اربوں ڈالر کی یہ دولت بڑی حد تک "مارکیٹ ویلیو" پر قائم ایک مالیاتی تصور ہے، نہ کہ لوہے کے صندوقوں میں بند نقد سرمایہ۔

مزید دلچسپ پہلو یہ ہے کہ اگر 2.9 ٹریلین ڈالر کو حقیقتاً نقد کرنسی میں تبدیل کیا جائے تو اس کا حجم اور وزن انسانی تصور سے کہیں زیادہ ہوگا۔ اقتصادی ماہرین کے مطابق اتنی خطیر رقم ہزاروں ٹن وزنی بن سکتی ہے، جسے محفوظ رکھنا، منتقل کرنا یا شمار کرنا بھی ایک غیرمعمولی چیلنج ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ جدید مالیاتی دنیا میں نقد دولت رکھنا نہ صرف غیر عملی سمجھا جاتا ہے بلکہ اسے معاشی لحاظ سے نقصان دہ بھی تصور کیا جاتا ہے۔ بڑی دولتیں عموماً سرمایہ کاری، بانڈز، حصص، رئیل اسٹیٹ، ڈیجیٹل اثاثوں اور مالیاتی اداروں میں گردش کرتی ہیں تاکہ ان کی قدر میں مسلسل اضافہ ہوتا رہے۔

یہ صورتحال سرمایہ دارانہ نظام کے ایک اور اہم پہلو کی نشاندہی بھی کرتی ہے اور وہ ہے "سرمائے کی غیرمرئی مرکزیت"۔ ماضی میں دولت زمینوں، سونے، جائیدادوں یا کارخانوں سے پہچانی جاتی تھی، مگر آج دنیا کی سب سے بڑی دولتیں دراصل ڈیجیٹل اعداد و شمار، الگورتھمز، سافٹ ویئر پلیٹ فارمز اور صارفین کے ڈیٹا پر قائم ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا کے امیر ترین افراد اکثر ٹیکنالوجی کمپنیوں کے بانی یا بڑے سرمایہ کار ہوتے ہیں۔ ان کی اصل طاقت صرف دولت نہیں بلکہ عالمی معیشت، اطلاعاتی نظام اور صارفین کے طرزِ زندگی پر اثرانداز ہونے کی صلاحیت بھی ہے۔

تاہم اس تمام تر مالیاتی ارتقا کے باوجود ایک بنیادی سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ کیا دنیا میں دولت کی یہ غیرمعمولی ارتکاز انسانی مساوات کے اصولوں سے ہم آہنگ ہے؟ جب چند افراد کے پاس کھربوں ڈالر کے اثاثے موجود ہوں اور دوسری طرف دنیا کی ایک بڑی آبادی بنیادی خوراک، صحت اور تعلیم جیسی ضروری سہولیات سے محروم ہو، تو یہ تفاوت عالمی اقتصادی نظام کی اخلاقی بنیادوں پر سوال اٹھاتا ہے۔ اقوامِ متحدہ اور متعدد بین الاقوامی ادارے بارہا خبردار کرچکے ہیں کہ دولت کی غیرمتوازن تقسیم معاشرتی بے چینی، سیاسی عدم استحکام اور معاشی ناہمواری کو بڑھا سکتی ہے۔

یہ امر بھی قابلِ غور ہے کہ جدید دنیا میں دولت کی اصل قوت "سرمایہ کی گردش" میں پوشیدہ ہے، نہ کہ اس کے ذخیرے میں۔ جو سرمایہ معیشت میں حرکت کرتا ہے وہ نئی صنعتیں، روزگار، تحقیق اور ترقی پیدا کرتا ہے، جبکہ منجمد دولت معاشی سرگرمی کو محدود کردیتی ہے۔ اسی لیے ترقی یافتہ معیشتیں سرمایہ کاری، جدت اور کاروباری توسیع کو فروغ دیتی ہیں تاکہ دولت مسلسل متحرک رہے۔

عالمی رپورٹ نے ایک بار پھر واضح کردیا ہے کہ موجودہ دور میں امارت کا تصور محض نقد دولت کے انبار نہیں بلکہ مالیاتی نفوذ، حصصاتی طاقت اور عالمی معاشی اثرورسوخ کا مجموعہ بن چکا ہے۔ یہ حقیقت نہ صرف جدید سرمایہ داری کی پیچیدگیوں کو اجاگر کرتی ہے بلکہ انسان کو یہ سوچنے پر بھی مجبور کرتی ہے کہ مستقبل کی دنیا میں دولت کی اصل شکل آخر کیا ہوگی، کاغذی کرنسی، ڈیجیٹل اثاثے، یا پھر محض ایک ایسا عدد جو عالمی مالیاتی نظام کی اسکرینوں پر لمحہ بہ لمحہ تبدیل ہوتا رہتا ہے۔

Check Also

Sisyphus Aur Hum

By Syed Muhammad Owais