Wednesday, 25 November 2026
  1. Home/
  2. Khalid Mahmood Faisal/
  3. Seerat Nigari Ka Munfarid Asloob

Seerat Nigari Ka Munfarid Asloob

مورخین کا خیال ہے کہ چھٹی صدی عیسوی میں جزیرہ نما عرب ایسا خطہ تھا، کلچر جس کا قبائلی تھا، صحرا کی وسعتیں تو تھیں، مگر دل سکڑ چکے تھے، قافلے تو چلتے مگر انسانیت سے عاری تھے، تجارت تھی مگر اخلاقی اقدار سے کوسوں دور، فرد کی شناخت قبیلہ سے منسوب تھی، طاقت کا انحصار قبیلہ کی قوت پر تھابااثر قبیلہ فرد کو بھی کو مضبوط کرتا، جبکہ کمزور قبائل کی عزت، آبرو، جان، مال ہر دم خطرے میں رہتے، غلامی کے نظام کا سورج پوری آب و تاب سے موجود تھا، غلاموں کی خرید فروخت معمول کی بات تھی، بے رحمانہ مشقت ان سے لینا جرم نہیں تھاروایت تھی، کمزوروں کے لئے نہ کوئی قانون تھا نہ ہی پناگاہ، بچیوں کو زندہ دفن کرنے کی قبیح رسم بھی تھی، اس جرم کی کوئی سزا اس لئے نہیں تھی کہ مرکزی حکومت نہیں تھی، کوئی متحدہ، متفق قانون نہ تھا ایسا نظام سرے سے موجود ہی تھا جو عرب کو یکجا کرتا۔

تاریکی کے اس عہد میں بھی چند افراد ضرور موجود تھے جو حضرت ابراہیمؑ کے اصل دین کی تلاش میں رہتے، انہیں اصطلاحی طور"حنفا" کہا جاتا، مگر اکثریت بت پرستی کے مرض میں مبتلا، اس دور کو اگرچہ جاہلیت کا دور کہا جاتا ہے اس سماج کے مگر روشن پہلو بھی تھے، مہمان نوا ز تھے، وعدہ نبھانا عزت کی علامت تھا، شاعری انکی محبوب ترین روایت تھی، بہادری ان کا وصف تھی، زبان وبیان اور تجارت کے ماہر تھے، انکی محرومی علم کی نہیں بلکہ ہدایت سے دوری تھی باوجود اس کے ہدایت کا مرکز کعبہ تو قائم تھا۔

ظالم اور مظلوم بھی اس زمین پر پائے جاتے، ایسے میں ایک ایسی معزز، معتبر، پاکیزہ ہستی قریش کے خاندان میں جنم لیتی ہے، جو سخاوت، مہمان نوازی، اعلی کردار کی وجہ سے پورے عرب میں معروف تھا اضافی وصف مگر حاجیوں کو پانی پلانا تھا۔

انسانی تاریخ میں بعض لمحات ایسے بھی ہوتے ہیں، جو صرف ایک بچے کی پیدائش نہیں بلکہ ایک نئے عہد کے آغاز کا اعلان ہوتے ہیں، نبی مہربانﷺ کی ولادت با سعادت بھی ایسا ہی لمحہ تھا، آپ ﷺ کی پیدائش حضرت ابراہیمؑ کی دعا کانتیجہ تھی، تعمیر کعبہ کے موقع پر انہوں نے کی، قرآن نے سورہ انبیاء میں آپ ﷺ کی آمد کی نوید یوں دی کہ انہیں تمام جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا گیا۔

آپ ﷺ نے نہ صرف بتوں کو توڑا بلکہ دلوں سے نفرت جہالت، تعصب، خوف کے بت بھی گرا دیئے، انسان کو اللہ کے جوڑا، عورت کو عزت دی۔ غلام کو وقار بخشا، عدل کوقوت پراور تقوی کو نسب کر برتری دی، ایسی تہذیب کی بنیاد رکھی، فی زمانہ کڑورں لوگ اس سے مستفید ہوکر راہنمائی حاصل کر رہے ہیں۔

نبی مہربانﷺ کی بعثت میں یہ پیغام بھی ہے کہ اللہ تعالیٰ جب کسی عظیم تبدیلی کا ارادہ فرماتا ہے، تواس کے اسباب بھی خود پیدا کرتا ہے، یتیمی یا ظاہری کمزوری انسان کی ترقی میں رکاوٹ نہیں بنتی، سہارا اگر اللہ تعالیٰ کا ہو، عظمت کا معیار مگردولت اور طاقت نہیں بلکہ کردار اور اخلاق ہے، ایک فرد بھی دنیا کی تقدیر بدل سکتا ہے، اس کا مقصد اگر اللہ کی رضااور انسانیت کی بھلائی ہو۔

کوہ صفا پرقبائل کو دعوت محض مذہبی پیغام نہ تھا بلکہ بت پرستی، قبائلی تفاخر اور ظلم پر مبنی سماج کے خلاف ایک انقلابی آواز تھی، اہل قریش کا رد عمل غیر معمولی تھا، انہوں نے نبی مہربانﷺ کی دعوت کو جھٹلایا، مسلمانوں کو اذیتیں دیں اور معاشرتی دباؤ کو بڑھایا، اس مخالفت کی بڑی وجہ سرداری نظام کے خلاف توانا آواز، معاشی مفادات پر زد پڑنا اور باپ دادا کی مذہبی رسومات کا اسلام کی طرف سے انحراف تھا۔

مخالفین نے طریقہ کار جو اپنایا ان میں خاندانوں کی تقسیم، کردار کشی، الزام تراشی، سماجی تنہائی اور ذہنی اذیت تھا، باوجود اس کے اسلام ایک تحریک کے طور پر سامنے آیا، مظالم بھی برداشت کئے، توہر میدان میں مقابلہ بھی کیا۔

ہجرت کی، مدینہ میں اسلام نئے عہد میں داخل ہوا، اہل ایمان کو یہاں آزادانہ طور پر دین کے مطابق زندگی گزارنے کا موقع ملا، بعدازاں ریاست مدینہ کی بنیاد رکھی، قبائل اورطبقات کے درمیان، امن، انصاف، باہمی تعاون اور اجتماعی ذمہ داریوں کے اصول متعین کئے، تحریری میثاق مدینہ نے شہر کو منظم معاشرہ بنا دیا، آگے چل کر جس سے فتح مکہ کی راہ ہموار ہوئی اس موقع پر وہ تاریخی خطبہ نبی مہربانﷺنے ارشاد فرمایا جو رہتی دنیا تک انسانیت کا چارٹر بن گیا، فتح مکہ نے اسلامی ریاست کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔

محترم ڈاکٹر طارق سلیم نے اپنی کتاب "سیرت معلم انسانیت ﷺ" میں مذکورہ خیالات کے علاوہ جنگ، بدر، خندق، جنگ احد میں حاصل ہونے والے اسباق کا تذکرہ کیا ہے، بدر میں اللہ پر توکل، مشاورت، دعا، دشمن کے ساتھ بھی عدل، رسول اللہ ﷺ کی اطاعت سے کامیابی ملی اس پر بھی عاجزی اختیار کی گئی، غزوہ خندق کا پیغام جدید جنگی حکمت عملی اختیار کرنا سنت نبویﷺ ہے، عظیم قائد وہ ہوتا ہے جو محنت اور قربانی میں خود بھی شریک ہو، احد کا پیغام اللہ اور اس کے رسولﷺ کی مکمل اطاعت ہی کامیابی کی ضمانت ہے، معمولی نافرنانی بھی بڑے نقصان کو جنم دے سکتی ہے، فتح کے وقت غفلت اور غرور سے بچنا بہتر ہے، وقتی ناکامی مایوسی نہیں بلکہ مومن کے لئے نئے عزم کا ذریعہ بنتی ہے، فتح مکہ کے اسباق یہ ہیں، حقیقی فاتح وہ ہوتا ہے جوطاقت کے باوجود معاف کر دے، معاہدوں کی خلاف ورزی کے نتائج خوف ناک ہوتے ہیں، انصاف عدل، رحم کو ہر قیمت پر مقدم رکھا جائے، اللہ کا وعدہ سچا ہے، شرک اور باطل پر حق ہی نے غالب آنا ہے۔

مصنف کا تعلق جماعت اسلامی پاکستان سے ہے واقعاتی انداز سیرت ﷺ کی بہترین کتاب رقم کی ہے، محترم حافظ نعیم الرحمان کا تبصرہ فی زمانہ جب فکری الجھنیں، اخلاقی بحران، روحانی اضطراب بڑھ رہا ہے، ایسے میں سیرت ﷺ ہی وہ واحد سر چشمہ ہدایت ہے، جو انسانیت کو حقیقی سکون، توازن اور کامیابی عطا کر سکتا "سیرت معلم انسانیت" مصنف کی شاندار کاوش ہے، سید قاسم علی شاہ نے کتاب کو سیرت نگاری کا خوش کن اسلوب قرار دیا، محترم تقی عثمانی نے ڈاکٹر طارق سلیم کے لئے کتاب کو توشہ آخرت کہا، محترم مفتی منیب الرحمان کا موقف مصنف نے اہم واقعات کو سادہ اور عام فہم میں بیان کیا، اہل علم کے لئے ہی نہیں بلکہ سماج کے عام طبقات کے لئے یہ یکساں مفید ہوگی، ڈاکٹر فاروق عادل کی رائے میں " سیرتﷺ معلم انسانیت" کی صورت میں مصنف کا کام اس معاشرہ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، جس کا خواب ہم دیکھتے ہیں۔ خورشید ندیم نے لکھا کہ کم پڑھا لکھا فرد بھی سیرت ﷺ کا مطالعہ کرنا چاہے تویہ کتاب اسکی کفایت کرتی ہے۔ ڈاکٹر خورشید رضوی کے مطابق مصنف نے ریاست مدینہ کی فلاحی حیثیت کے نمایاں زاویوں کو اختصار مگر جامعیت کے ساتھ واضع کیا ہے۔

اضافی وصف یہ بھی کہ کتاب نگارنے ان متبرک اور عظیم ہستیوں کاتذکرہ بھی کیا ہے جنہوں نے اسلامی انقلاب کی کامیابی میں نبیﷺ آخرالزماں کے شانہ بشانہ کام کیا، حضرت علامہ اقبال، الطاف حسین حالی، مظفر وارثی، سید علی گیلانی کے نعتیہ کلام کو کتاب کا حصہ بنایا گیا، انتساب اپنے مرحوم والدین کے نام کیا ہے، قلم فاونڈیشن لاہور نے اس کتاب کی اشاعت کی سعادت حاصل کی ہے، سیرتﷺ نگاری پر احمد ندیم قاسمی کا یہ شعر صادق آتا ہے۔

جب بھی دیکھا ہے تجھے، عالم نو دیکھا ہے
مرحلہ طے نہ ہوا تیری شنائی کا

Check Also

Bharam Ki Deewar Aur Waqt Ka Tesha

By Unzila Siddiqui