Wednesday, 11 November 2026
  1. Home/
  2. Aaghar Nadeem Sahar/
  3. Hasideen Ke Naam

Hasideen Ke Naam

کردار کشی یعنی کریکٹر اسیسی نیشن، ایک ایسا گھناؤنا ہتھیار ہے جسے تاریخ میں گندے دماغوں نے ہر اس انسان پر آزمایا جس کی گفتگو میں اثر تھا، جس میں اختلاف کی جرات تھی، جس کے خواب بڑے اور عزم پختہ تھا، ہر اس انسان کو زیر کرنے کے لیے، رد کرنے کے لیے یہ ہتھیار استعمال کیا گیا مگر فتور سے بھرے دماغوں کو کون سمجھائے کہ عزت اور ذلت کا اختیار اللہ رب العزت نے اپنے ہاتھ میں رکھا ہے۔ ساری دنیا بھی اگر کسی کو ذلیل کرنے پر آ جائے، جب تک خدا کا حکم نہیں ہوگا، درخت کا ایک پتا بھی ادھر سے ادھر نہیں ہو سکتا۔

انبیائے کرامؑ سے لے کر صحابہ کرامؓ اور محدثینؒ سے اولیائے کرامؒ تک، اس بے رحم سماج نے کسے تکلیف نہیں دی مگر اللہ کی لاٹھی بڑی بے آواز ہے، یہ جب چلتی ہے تو بڑے بڑے فرعونوں اور نمرودوں کی چیخیں نکال دیتی ہے۔ ہر دور میں سنجیدہ حلقوں اور لوگوں کی طرف سے اس گھٹیا ترین فعل کی تردید کی گئی مگر سماج کی جانب سے شدید ترین تنقید اور نفرت کے باوجود نہ تو کردار کشی کرنے والے کم ہوئے اور نہ ہی ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے اوران کے حواری، سب ایک ہی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں اور وہ ہے سامنے والے شخص کا رد۔ جب آپ کسی کا مقابلہ اس کے کام اور نام کی بنیاد پر نہیں کر سکتے تو اسے رد کر دیں اور رد کرنے کا سب سے آسان طریقہ یہی ہے کہ اس کے کردار پر انگلی اٹھائیں، اسے محفل یاراں میں سب سے کم تر ثابت کرنے کی کوشش کریں۔

کردار کشی اگرچہ ایک بہت عام بیماری ہے مگر پروفیشنل زندگیاں اس سے زیادہ متاثر ہو رہی ہیں، کوئی اپنے دوست سے حسد کرتا ہے تو وہ اس کے خلاف نفرت پھیلانے میں سرگرم ہے اور کوئی اپنے کولیگ یا باس سے نفرت کرتا ہے تو وہ اس کے خلاف صبح سے شام تک، پوری پلاننگ کے ساتھ اسے نیچا دکھانے میں مصروف ہے، کوئی عالم دین ہے یا پھر ادیب و دانشور، کوئی سیاست دان یا پھر کسی ادارے کااستاد، سب اسی کوشش میں اپنا وقت صرف کر رہے ہیں کہ اپنے مخالف کو میدان سے باہر کیسے کرنا ہے۔ جتنا وقت یہ سب لوگ ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے میں صرف کرتے ہیں، اتنا وقت اپنی پرفارمنس پر لگائیں تو انھیں یہ گھٹیا عمل کرنے کی ضرورت ہی نہ پڑے، یہ خود ہی اپنے مخالف سے آگے نکل جائیں مگر میں نے پہلے عرض کی، کردار کشی ایک آسان طریقہ ہے، جس میں وقت کم لگتا ہے اور نتیجہ زیادہ آتا ہے۔

جب کوئی شخص اتنا مضبوط اور قدآور ہوتا ہے کہ ہماری ساری سیاست اور چاپلوسی اس کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی تو پھر ہم آخری حربہ آزماتے ہیں اور وہ ہوتا ہے کردار کشی، کیوں کہ ہم جانتے ہیں کہ یہ معاشرہ جو اخلاقی اور نفسیاتی طور پر بنجر ہو چکا ہے، وہاں ایسی باتوں کو زیادہ اہمیت و عزت دی جاتی ہے، جہاں لوگ بھی ہر روز کوئی نیا شوشہ، کوئی نیا ڈرامہ دیکھنا چاہتے ہوں، وہاں یہ سب نارمل ہوتا ہے، ہم نے تماشا گاہوں میں دیکھا، جب کرتب دکھانے والے کو دو چار تماشائی مل جائیں تو وہ خود کو قابل سمجھنے لگتا ہے حالانکہ تماشائیوں میں زیادہ تر ایسے ہوتے ہیں جو اس کا حوصلہ بڑھانے نہیں، تمسخر اڑانے آتے ہیں۔

حسد، بغض اور تعصب کی جلن میں جلنے والے بھی کرتب دکھانے جیسے ہیں، خیر جس کے پاس جو ہوگا، وہ سماج کو وہی دے گا، اس میں حیرت کیسی، خدا جس سے خیر کا کام لے گا، وہ یقیناََ خیر بانٹے گا اور خدا جسے خیر کی توفیق نہیں دے گا، وہ شر بانٹتا پھرے گا، اپنی اپنی قسمت کی بات ہے۔ کردار کشی کی اگرچہ کئی شکلیں ہیں مگر سب سے آسان ہتھیار کسی پر ہراسانی کا الزام لگانا ہے کیوں کہ یہ ایسا الزام ہے جس میں مرچ مصالحہ شامل ہو جائے تو وارے نیارے ہو جاتے ہیں اور اگر الزام ایک فی میل کی طرف سے کسی مرد پر لگایا جائے تو وہاں مردوں کی کون سنتا ہے، ہمارے ہاں عمومی رائے بھی یہی پائی جاتی ہے کہ "مرد ہوتا ہی ایسا ہے، اسی کی غلطی ہوگی ورنہ عورت ایسا کیوں کرے گی"۔

بعض اوقات تو ایسے بھی حالات دیکھے گئے کہ جن دو لوگوں کے خلاف محاذ بنایا جا رہا ہوتا، وہ دونوں اس سارے عمل سے بے خبر ہوتے ہیں، کیسا گھٹیا اور کمینہ پن ہے کہ سامنے والا ہمیں دوست سمجھ رہا ہوتا ہے، وہ ہماری اصلیت سے واقف نہیں ہوتا اور ہم اسے ٹریپ کرنے کی سازشیں کر رہے ہوتے ہیں۔ نفسیاتی کردار کشی، جسمانی کردار کشی، اخلاقی و سماجی کردار کشی، یہ سارے ہتھکنڈے مخالفین کو زیر کرنے، ان کو رد کرنے یا انھیں سماج میں بدنام کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں، ستم یہ ہے کہ کوئی ان ہتھکنڈوں کی تحقیق کرنا بھی گوارا نہیں کرتا، ایک سہ حرفی بات جہاں سے چلتی ہے، واپس وہاں پہنچنے تک وہ سہ حرفی بات، پورا مضمون بن چکی ہوتی ہے۔

مجھے یہاں ڈاکٹر اصغر ندیم سید کا وہ مضمون یاد آ گیا جو انھوں نے گورنمنٹ کالج لاہور کی ملازمت کے بارے لکھا تھا، جب انھیں اپنے ہی دوستوں اور اپنے ہی رفقائے کار کی جانب سے تعصب، حسد اور بغض کی بنیاد پر شدید تکلیف دی گئی، ان کے پر کاٹنے اور انھیں مین اسٹریم سے ہٹانے کے لیے طرح طرح کے ہتھکنڈے آزمائے گئے، انھوں نے اس ساری صورت حال پر ایک شاہکار تخلیق کر دیا اور اس شاہکار کو ہر شعبے میں بہت پذیرائی ملی، ہتھکنڈے آزمانے والوں کو آج کوئی نہیں جانتا، شاید اپنے گھر والے بھی نہیں مگر جس کے خلاف یہ سب کیا، وہ آج بھی اسی طرح چمک رہا ہے بلکہ اس سے کہیں بہتر موجود ہے۔

ایسا ہی ایک واقعہ 2019ء میں ایم اے او کالج میں پیش آیا تھا جہاں انگریزی پڑھانے والے ایک استاد افضل محمود پر ایک خاتون طالب علم نے ہراساں کرنے کا الزام لگایا، تحقیقات ہوئیں تو وہ پروفیسر بے قصور نکلا، پروفیسر نے کمیٹی سے گزارش کی کہ میرے بے قصور ہونے کا ایک لیٹر جاری کریں، انتظامیہ پس و پیش سے کام لیتی رہی، پروفیسر افضل محمود اپنی کالج انتظامیہ کی اس بدسلوکی سے اتنا دل برداشتہ ہوئے کہ خودکشی کر لی، وہ خاتون آج بھی اپنے گھر خوش ہوگی، وہ کمیٹی بھی اسی طرح قہقہے لگاتی، محافل انجوائے کرتی ہوگی مگر پروفیسر افضل محمود کہاں ہے، اس کا قاتل کون ہے، یہ بے حس معاشرہ جس کے خوف سے اس نے خود کشی یا پھر وہ خاتون طالب علم اور اس کے منصوبہ ساز، یا پھر انکوائری کمیٹی۔

Check Also

Jamhuriat Aur Awami Masail: Falsafa Aur Haqiqat Ka Fasla

By Unzila Siddiqui