عصرِ حاضر کی عالمی سیاست ایک ایسے فیصلہ کن موڑ پر آن کھڑی ہوئی ہے جہاں طاقت کا روایتی توازن اور یک قطبی نظام کا دبدبہ اپنی آخری سانسیں لے رہا ہے۔ حال ہی میں واشنگٹن اور تہران کے مابین طے پانے والا چودہ نکاتی مفاہمت نامہ محض ایک جنگی تعطل کا خاتمہ نہیں، بلکہ خطے کے جیو پولیٹیکل منظرنامے پر ایک نئی تاریخ کا دیباچہ ہے۔ یہ معاہدہ، جس پر فریقین نے پاکستان کی ثالثی میں آن لائن دستخط کیے، اس حقیقت کا ببانگِ دہل اعلان ہے کہ اب مشرقِ وسطیٰ کے فیصلے وائٹ ہاؤس کے بند کمروں کے بجائے خود اس خطے کے زمینی حقائق کی روشنی میں ہوں گے۔ سفارتی میدان میں تہران نے جس پامردی اور ذہنی پختگی کا مظاہرہ کیا، اس نے واشنگٹن کی تزویراتی عجلت پسندی اور نفسیاتی ہیجان کو آشکار کر دیا ہے۔ امریکی قیادت کی جانب سے بیانیے کی حد تک میک امریکہ گریٹ اگین، کا نعرہ بلند کرنا دراصل اس داخلی کمزوری کا اعتراف تھا جس کا نتیجہ بالآخر ایک عبرتناک سفارتی پسپائی کی صورت میں دنیا کے سامنے آیا۔
یہ معرکہ محض چند ہفتوں کی عسکری کشمکش کا حاصل نہیں بلکہ تہران کی اس طویل مدتی سٹرٹیجک لچک اور زیرِ زمین محفوظ کی گئی پیداواری صلاحیتوں کا ثمر ہے جس نے امریکی دباؤ کو بے اثر کر دیا۔ مئی 2025 میں چین ایران ریلوے لنک کا آغاز عسکری و معاشی رسد کی بحالی میں گیم چینجر ثابت ہوا، جس نے واشنگٹن کی اس مہم جوئی کو ناکام بنا دیا جو اس نے ایران کو اپنی نیشنل سیکیورٹی اسٹرٹیجی میں اول نمبر کا دشمن قرار دے کر شروع کی تھی۔
فروری کے اواخر میں ایران کی قیادت کو نشانہ بنانے کے باوجود تہران نے نہ صرف اپنے دفاعی ڈھانچے کو متبادل بنیادوں پر مستحکم رکھا بلکہ اپنی دفاعی قوت کو دُگنا کرکے یہ ثابت کیا کہ اس کا عسکری نظام کسی وقتی بلف پر نہیں بلکہ ٹھوس دفاعی خودکفالت پر استوار ہے۔ دوسری طرف، امریکی معیشت اور توانائی کے اسٹرٹیجک ذخائر کا تیزی سے گرتا ہوا گراف واشنگٹن کو اس نہج پر لے آیا جہاں اس کے پاس معاشی بقا کے لیے معاہدے کے سوا کوئی چارہ کار باقی نہ رہا۔ آج جب بین الاقوامی منڈیوں میں توانائی کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کے لیے آبنائے ہرمز کا کھلا رہنا ناگزیر ہو چکا ہے، تو تہران کی سودے بازی کی قوت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔
اس بدلتے ہوئے منظرنامے میں خلیجی ممالک اور قطر و امارات جیسے خطے کے بڑے کھلاڑیوں کی طرف سے اربوں ڈالر کی نقد منتقلی اور سرمایہ کاری کی تیاری اس بات کا ثبوت ہے کہ علاقائی طاقتیں اب تصادم کے بجائے مفاہمت اور جیو اکانومک شراکت داری کو ترجیح دے رہی ہیں۔ چین کے نیو ورلڈ آرڈر، کا فلسفہ، جو مشترکہ معیشت اور ہمہ جہت فائدے (Win-Win) کی بنیاد پر قائم ہے، اب مشرقِ وسطیٰ کی نئی حقیقت بن چکا ہے۔ یہ معاہدہ واشنگٹن کے ان تمام عزائم پر پانی پھیر چکا ہے جن کا مقصد تہران میں حکومت کی تبدیلی، یورینیم افزودگی کا مکمل خاتمہ اور ایران کو ایک غیر مؤثر ریاست بنانا تھا، اس کے برعکس آج ایران خطے کے نئے معاشی اور سیاسی نظام کو چلانے کا ایک ناگزیر محور بن کر ابھرا ہے۔
عالمی سیاست کا یہ نیا دھارا اب دنیا کو ایک کثیر قطبی (Multipolar) نظام کی طرف تیزی سے دھکیل رہا ہے جہاں کسی ایک سپر پاور کی بالادستی کا خاتمہ نوشتۂ دیوار بن چکا ہے۔ اس نئے منظرنامے کا سب سے اہم اور دوررس پہلو وہ ممکنہ تزویراتی اتحاد ہے جو روس اور چین کی سرپرستی میں ایران، پاکستان، سعودی عرب، ترکی اور مصر کے دفاعی الحاق کی صورت میں تشکیل پانے جا رہا ہے۔ اس مجوزہ بلاک میں پاکستان کی شمولیت اس کی جیو اسٹرٹیجک اہمیت اور علاقائی ثالث کی حیثیت کو مزید مستحکم کرتی ہے۔ اب اصل امتحان تہران کی سفارتی حکمتِ عملی کا ہے کہ وہ اس تاریخی معاشی بحالی اور اسٹرٹیجک برتری کو مستقل بنیادوں پر ایک دیرپا سیاسی طاقت میں کیسے تبدیل کرتا ہے، تاکہ خطے کو بیرونی مداخلت سے پاک کرکے ایک پرامن اور خود مختار مستقبل کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔