Saturday, 03 October 2026
  1. Home/
  2. Hameed Ullah Bhatti/
  3. Aalmi Salamti Ke Naye Sawalat

Aalmi Salamti Ke Naye Sawalat

مشرقِ وسطیٰ اور مغربی دنیا میں عالمی سلامتی، فضائی سفرکے تحفظ اور عالمی سیاست کے پچیدہ تعلقات موضوعِ بحث ہیں۔ دبئی سے تل ابیب جانے والے اماراتی طیارے میں پائلٹوں کے درمیان پیش آنے والا خونریز واقعہ اور برطانیہ میں فضائی اڈے کے قریب دہشت گردی اور دھماکہ خیزمواد سے متعلق الزامات کے تحت پانچ افراد کی گرفتاری بظاہر دو الگ واقعات ہیں۔ تاہم اِن دونوں میں ایک مشترکہ سوال جو موجود ہے وہ یہ ہے کہ کیا موجودہ عالمی کشیدگی نے سلامتی کے اِن خطرات کو مزید پچیدہ بنادیا ہے جن کا سامنا ریاستوں اور عام شہریوں کو ہے؟

تیس ستمبر کو دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 1073 کو دورانِ سفر ایک غیر معمولی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اطلاعات کے مطابق معاون پائلٹ نے کاک پٹ میں کپتان پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں طیارہ اچانک بلندی سے نیچے آنے لگا تاہم واقعے کے محرکات کی حتمی تصدیق ابھی تحقیقات سے ہونا باقی ہے۔ مسافروں اور طیارے میں موجود دیگر پائلٹوں کی مدد سے جہاز کو سعودی عرب کے شہر تبوک میں بحفاظت اُتار کر بعد ازاں مسافروں کو دبئی کے دوسرے طیارے سے تل بیب پہنچایا گیا۔

اِس واقعے کا اہم پہلو یہ ہے کہ ایک ایسے خطے میں جہاں فضائی حدود، سفارتی تعلقات اور عسکری مفادات پہلے ہی باہم الجھے ہوئے ہیں وہاں ایک مسافر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ نے مزید سوالات پیدا کردیے ہیں۔ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان اگرچہ باضابطہ سفارتی تعلقات قائم نہیں سعودی عرب کا اپنی سرزمین پر اسرائیل جانے والے مسافروں کو ہنگامی صورتِ حال میں سہولت دینا انسانیت دوستی کی ایک عمدہ مثال ضرور ہے۔

یہ واقعہ یاددہانی ہے کہ فضائی سفر کا تحفظ جدید طیاروں، جدید ریڈار اور فضائی دفاعی نظام تک محدود نہیں بلکہ طیارے کے اندر موجود عملے کی تربیت، ذہنی و پیشہ وارانہ جانچ، حفاظتی ضوابط اور ہنگامی حالات میں فوری فیصلے بھی اہمیت رکھتے ہیں۔ اگر کاک پٹ میں بیٹھا فرد ہی خطرے کاباعث بن جائے تو معمول کے حفاظتی انتظامات کو بھی غیر معمولی آزمائش کا سامنا ہوسکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اِس واقعے کے بعد پائلٹوں کی جانچ اور فضائی کمپنیوں کے داخلی حفاظتی نظام اور عالمی سطح پر توجہ بڑھنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب برطانیہ میں ہونے والی گرفتاریوں نے مغربی دنیا میں ممکنہ دہشت گردی کے خطرات پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ 27 ستمبر کو برطانوی پولیس نے گلوسٹر شائر میں واقع آر اے ایف فیئر فورڈ کے قریب پانچ افراد کو دھماکہ خیز مواد سے متعلق جرائم اور دہشت گردی کی تیاری کے شبہے میں گرفتار کیا۔ یہ فضائی اڈہ امریکی فوج بھی استعمال کرتی ہے ایران کے خلاف امریکی فوجی کاروائیوں کے تناظر میں اِس کی اہمیت نمایاں ہوئی ہے۔ برطانوی حکام نے ممکنہ بیرونی ریاستی مداخلت سمیت مختلف پہلوؤں کی تحقیقات کیں تاہم گرفتار افراد کو بعد میں ضمانت پر رہا کردیا کیونکہ کسی غیر ملکی حکومت یا منظم دہشت گرد نیٹ ورک کے ملوث ہونے کا حتمی ثبوت سامنے نہیں آیا۔

کیا مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی دنیا کے امن اور سلامتی کو متاثر کرسکتی ہے؟ اِس امکان کو اگر مکمل طور پر رَد نہیں بھی کیا جا سکتا تو بھی کسی ایک واقعے کی بنیاد پر یہ نتیجہ اخذا کرنا درست نہیں کہ یورپ میں دہشت گردی کی تمام نئی سرگرمیوں کے پیچھے مشرقِ وسطیٰ کی جنگیں یا کوئی مخصوص ملک کارفرما ہے۔ تحقیقات کا نتیجہ اِس حوالے سے اہم ہوگا کہ آیایہ کسی منظم کاروائی کی کوشش تھی، کسی انفرادی گروہ کی سرگرمی یا محض ایک مشتبہ صورتحال۔

امریکہ اور یورپ کے لیے یہ صورتحال اِس لیے اہم ہے کہ مغربی ممالک کی فوجی تنصیبات کو اب صرف روایتی عسکری خطرات ہی نہیں بلکہ ممکنہ تخریبی کاروائیوں اور سائبر حملوں جیسے نئے چیلنج بھی ہیں اگر کسی فضائی اڈے کو نشانہ بنانے کی کوشش ثابت ہوتی ہے تو اِس کے اثرات صرف برطانیہ تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ نیٹو کے رُکن ممالک اور امریکہ کے دیگر اتحادی بھی اپنی حساس تنصیبات کے تحفظ کے انتظامات پر نظر ثانی کر سکتے ہیں تاہم اِس نوعیت کے اقدامات میں احتیاط ضروری ہے تاکہ غیر مصدقہ خدشات کی بنیاد پرغیر ضروری تناؤ پیدا نہ ہو۔

مذکورہ دونوں واقعات کو ایک ساتھ دیکھنے سے عالمی سلامتی کا ایک وسیع تر منظر نامہ سامنے آتا ہے۔ ایک طرف خلیجی خطے میں اسرائیل، ایران، سعودی عرب اور عرب امارات کے مفادات ہیں تو دوسری طرف یورپ اور امریکہ کی فوجی اور سیاسی حکمتِ عملی مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کو متاثر کرتی ہے لہذا کسی ایک خطے میں پیدا ہونے والا بحران دوسرے خطوں میں بھی سلامتی کے نئے خدشات پیدا کر سکتا ہے لیکن اِن واقعات کا ایک دوسرا پہلو بھی ہے سعودی عرب کی جانب سے ہنگامی لینڈنگ کے لیے سہولت فراہم کرنا ظاہر کرتا ہے کہ سیاسی اختلافات کے باوجود انسانی جانوں کے تحفظ اور ہنگامی حالات میں تعاون کی گنجائش ہے۔ اسی طرح طیارے کے مسافروں اور عملے کی بروقت مداخلت اِس حقیقت کو اُجاگر کرتی ہے کہ بحران کے لمحوں میں انسانی ذمہ داری اور پیشہ ورانہ مہارت کی غیر معمولی اہمیت ہو جاتی ہے عالمی سیاست میں جہاں اکثر طاقت اور مفادات کی بات ہوتی ہے وہاں ایسے واقعات انسانی تعاون کی اہمیت یاد دلاتے ہیں۔

تاہم اصل امتحان اب یہ ہے کہ کیا فضائی کمپنیاں اپنے حفاظتی نظام کو مزید موئثر، حکومتیں دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون کو فروغ اور مشرقِ وسطیٰ کے ممالک اپنے اختلافات کے باوجود علاقائی استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات کر سکیں گے؟ اِن سوالات کے جوابات آنے والے دنوں اور ہفتوں میں سامنے آنے والی تحقیقات اور سفارتی سرگرمیوں سے واضح ہوں گے۔

اب علاقائی تنازعات، بڑی طاقتوں کی رقابت اور داخلی سلامتی کے مسائل ایک دوسرے سے الگ نہیں رہے تاہم ہر حادثے کو عالمی سازش اور ہر گرفتاری کو کسی عالمی تصادم کی علامت سمجھنا بھی دانشمندی نہیں ضرورت اِس امرکی ہے کہ حقائق اور قیاس آرائیوں کے درمیان فرق رکھا جائے تاکہ عالمی سلامتی کے مسائل تعصبات کی نظرنہ ہوں۔

دبئی سے تل ابیب جانے والے طیارے کا تبوک میں اُترنا اور برطانیہ میں مشتبہ افراد کی گرفتاریاں شاید عالمی سیاست کا رُخ تبدیل نہ کریں لیکن یہ واقعات ایک ایسے عالمی نظام کی کمزوریوں اور چیلنجوں کو نمایاں کرتے ہیں جس میں ایک خطے کا عدمِ استحکام دوسرے خطے کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔ آنے والے دنوں میں اصل اہمیت اِن واقعات کے شور سے زیادہ اِن کی تحقیقات، نتائج اور اِن سے حاصل ہونے والے اسباق کی ہوگی۔

Check Also

Jamhuriat Aur Awami Masail: Falsafa Aur Haqiqat Ka Fasla

By Unzila Siddiqui