Wednesday, 11 November 2026
  1. Home/
  2. Hameed Ullah Bhatti/
  3. New Zealand Ke Intihabat Aur Ittehadi Siasat

New Zealand Ke Intihabat Aur Ittehadi Siasat

جنوبی بحرالکاہل کے خطے کا نیوزی لینڈ ایک ایسا ملک ہے جہاں جمہوری روایات، قانون کی حکمرانی اور سیاسی اِداروں کے استحکام میں کبھی کمزوری نہیں آئی مگر رواں ماہ سات نومبر کو ہونے والے عام انتخابات کے ابتدائی نتائج سے ایک نئی قسم کی بحث کا آغاز ہوگیا ہے۔ حکمران جماعت نیشنل پارٹی اگر واضح اکثریت حاصل نہیں کر سکی تو حزبِ اختلاف کی بڑی جماعت لیبر پارٹی بھی تنہا حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں رہی۔ مزید دلچسپ پہلو یہ ہے کہ دونوں دونوں بڑی جماعتوں کے حاصل کردہ ووٹوں میں معمولی سا فرق ہے۔ اسی بنا پر چھوٹی جماعتوں کی اہمیت زیادہ ہوگئی ہے اب سوال یہ ہے کہ کیا ایک بار پھر نیوزی لینڈ میں ایک مستحکم اتحادی حکومت بنے گی یا انتخابی نتائج ملک کو طویل سیاسی مذاکرات اور غیر یقینی صورتحال سے دوچار کردیں گے؟ اِس کا جواب دینے کے لیے ماضی کی سیاست کا جائزہ لینا ہوگا۔

نیوزی لینڈ کو اُس کا محلِ وقوع اُسے دوسرے ممالک سے منفرد بناتا ہے یہ آسٹریلیا کے جنوب مشرق میں بحرالکاہل میں واقع ایک جزیرہ نما ملک ہے اِس کے دوبڑے جزائر شمالی جزیرہ اور جنوبی جزیرہ ہیں اور بھی متعدد چھوٹے جزائر ہیں جو اِس کی جغرافیائی حدود کا حصہ ہیں۔ اِس ملک کا رقبہ دولاکھ اڑسٹھ ہزار مربع کلو میڑ جبکہ آبادی 54 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔ اِس کا دارالحکومت ویلنگٹن ہے ملک کا سب سے بڑا شہر آکلینڈ تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہے جبکہ دوسرکاری زبانیں انگریزی اور مائوری ہیں یہ ملک خوبصورت پہاڑوں، سرسبز میدانوں، جھیلوں، ساحلی علاقوں اور قدرتی وسائل کی وجہ سے دنیا بھر میں منفرد شہرت رکھتا ہے۔

سیاسی اعتبار سے نیوزی لینڈ میں آئینی بادشاہت ہے برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم بظاہر ریاست کے سربراہ ہیں مگر عملی اختیارات وزیرِ اعظم اور منتخب حکومت کے پاس ہیں۔ ملک کا جو پارلیمانی نظام ہے وہ مخلوط متناسب نمائندگی (MMP) پر مشتمل ہے اِس کے تحت ہی عوام نہ صرف سیاسی جماعت کے ساتھ اپنے انتخابی حلقے کے امیدوار کو بھی ووٹ دیتے ہیں۔ یہی نظام ہی کسی ایک جماعت کو مکمل اکثریت حاصل کرنے میں بڑی رکاوٹ ہے اور اکثر اتحادی حکومتیں تشکیل دینا مجبوری بن جاتی ہیں۔

حالیہ عام انتخابات میں حکمران نیشنل پارٹی کی قیادت وزیرِ اعظم کرسٹوفرلکسن نے کی جن کے پاس سیاست میں آنے سے پہلے ایئر نیوزی لینڈ کے چیف ایگزیکٹو کا منصب رہا ہے انھوں نے اپنی جماعت کی انتخابی مُہم میں معاشی نظم و ضبط، کاروباری سرگرمیوں میں اضافے اور سرکاری اخراجات پر قابو پانے جیسے کارناموں کا تذکرہ کیا جبکہ حریف لیبر پارٹی کے رہنما کرس ہپکنز نے عوامی مسائل کو ترجیح دی مہنگائی، صحتِ عامہ، روزگار اور رہائش جیسے مسائل کو انتخابی سیاست کا محور بنائے رکھا دونوں نے عوام کا دل جیتنے کی پوری کوشش کی مگر اکثریت حاصل نہیں کرسکے۔

نیشنل پارٹی نے 29.21فیصد ووٹوں کے ساتھ 42 جبکہ 29.36فیصد ووٹ لیکر لیبرپارٹی نے 36 نشستیں لے لیں گرین پارٹی 16، ایکٹ پارٹی 13، نیوزی لینڈ فرسٹ کو 12 اور ایک نئی سیاسی جماعت اپرچیونٹی 5.96 فیصد ووٹ لیکر سات نشستوں پر کامیاب ہوئی۔ اپرچیونٹی پارٹی کی قیادت ایک کاروباری شخصیت کیولے وونگ کر رہی ہیں علاوہ ازیں مائوری جماعت بھی پانچ نشستیں لے گئی ہے۔ نتائج کا جو سب سے اہم پہلو ہے وہ یہ ہے کہ وزیرِ اعظم کرسٹو فرلکسن کی نیشنل پارٹی، ڈیوڈ سیمورکی ایکٹ پارٹی اور ونسٹن پیٹرز کی نیوزی لینڈ فرسٹ پر مشتمل اتحاد کو ابتدائی نتائج کے مطابق 67نشستیں حاصل ہوئیں جبکہ 131رُکنی پارلیمنٹ میں حکومت بنانے کے لیے سادہ اکثریت 66نشستیں ضروری ہیں۔

اِس طرح بظاہر حکومتی اتحاد کو ایک نشست کی برتری حاصل ہوئی لیکن یہاں ایک اور اہم پہلو ذہن میں رکھنے کی ضرورت ہے وہ یہ ہے کہ ابھی چار لاکھ کے لگ بھگ ووٹوں کی گنتی ہوناباقی ہے یہ وہ ووٹ ہے جو یا تو بیرونِ ملک مقیم شہریوں نے ڈالے یا پھر انتخابی حلقوں سے باہر ووٹ ڈالنے والوں کے ہیں اسی بناپر خیال کیا جارہا ہے کہ اِن ووٹوں کی وجہ سے جماعتوں کی حاصل کردہ نشستوں کی تعدا د بدل سکتی ہے جس کی وجہ سے حکومت سازی کی صورتِ حال تبدیل ہونے کااِمکان موجودہے۔

نیوزی لینڈ کی معیشت ترقی یافتہ ہے اِس کا انحصار زراعت، ڈیری مصنوعات، گوشت، جنگلات، سیاحت، تعلیم اور خدمات کے شعبوں پر ہے۔ یہ دنیا بھر میں دودھ، مکھن، پنیر اور گوشت کی برآمدات میں شہرت رکھتا ہے۔ چین، آسٹریلیا اور دیگر ایشیائی ملک اِس کے اہم تجارتی شراکت دار ہیں۔ ملکی آمدنی میں سیاحت اور روزگار کا اہم حصہ ہے لیکن گزشتہ چند برسوں میں نیوزی لینڈ کی معیشت مشکلات کا شکار رہی نہ صرف معاشی ترقی کی رفتار میں کمی آئی بلکہ گھروں کی قیمتوں اور رہائشی اخراجات نے بھی عام شہریوں کو متاثر کیا۔ بے روزگاری میں اضافہ بھی بڑے مسائل میں شامل ہے یہی وہ مسائل ہیں جنھوں نے انتخابی مُہم میں ووٹروں کو بڑی جماعتوں سے ہٹ کر چھوٹی جماعتوں کی طرف متوجہ کیا۔ اب ایکٹ پارٹی کے ڈیوڈ سیمور اور نیوزی لینڈ فرسٹ کے سربراہ ونسٹن پیٹرز کا کردار اہم ہوگیا ہے دونوں جماعتیں حکومت کا حصہ رہنے کے باوجود الگ سیاسی ترجیحات رکھتی ہیں۔ ایکٹ پارٹی سرکاری اخراجات میں کمی اور سخت معاشی پالیسیوں کی حامی ہے مگر نیوزی لینڈ فرسٹ کا قومی معاملات پر سخت موقف ہے جس سے حکومت سازی کے امکانات پچیدہ ہوسکتے ہیں۔

تمام تر مسائل کے باوجود نیوزی لینڈ میں سیاسی عدمِ استحکام کا خدشہ کم ہے یہاں مخلوط حکومتیں جمہوری نظام کا حصہ ہیں۔ حکومت سازی کے لیے مزاکرات، مشترکہ پروگرام اور تحریری معاہدے مستحکم پارلیمانی روایت ہیں اب بھی حکومت کی تشکیل میں جتنا وقت لگے گا تب تک موجودہ حکومت نگران کی حثیت سے انتظامی امور سرانجام دیتی رہے گی۔ نیوزی لینڈ کے حالیہ انتخابات میں عوام نے یہ پیغام دیا ہے کہ وہ بڑی جماعتوں کی کارکردگی سے بیزار ہے اِس لیے متبادل سیاسی قوتوں کو معاشی مسائل کے حل کے لیے ترجیحی دینے لگے ہیں۔ نیشنل پارٹی اور لیبر پارٹی کا تیس فیصد سے کم ووٹ حاصل کرنا سوچ کی تبدیلی ہی ہے۔

نیوزی لینڈ میں انتخابات ہو چکے اب نتائج کی روشنی میں ایک قابل حکومت تشکیل دینا اہم امتحان ہے اگر 27 نومبر کے حتمی نتائج میں حکومتی اتحاد اکثریت سے محروم ہوجاتا ہے تو نئے سیاسی معاہدوں کی ضرورت ہوگی مگر مضبوط جمہوری اِداروں، آزاد انتخابی نظام اور اتحادی سیاست کی روایات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے یہ کہہ سکتے ہیں کہ نیوزی لینڈ کسی آئینی بحران سے نہیں بلکہ ایک مشکل جمہوری مرحلے کی روش پر گامزن ہے۔

Check Also

Jamhuriat Aur Awami Masail: Falsafa Aur Haqiqat Ka Fasla

By Unzila Siddiqui