دنیا کی سیاست ایسے مشکل موڑ پر ہے جہاں جنگ، تجارت، دفاع اور عالمی غلبے جیسے معاملات کو اب ایک دوسرے سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ یوکرین جنگ، مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی، ایران و امریکہ تنازع، تائیوان کا مسئلہ اور پھر امریکہ کی چین سے معاشی مسابقت نے عالمی امن کو پچیدہ صورتحال سے دوچار کر رکھا ہے۔ اِن حالات میں 19 نومبر 2026 کو چین کے شہر شین ژین میں دنیا کی تین بڑی طاقتوں امریکہ، چین اور روس کے صدور کا مل بیٹھنا غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ مذکورہ تینوں ممالک ہی اِس وقت عسکری و معاشی حوالے سے دنیا کی بڑی طاقتیں اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رُکن ہیں۔
تاریخ میں پہلی مرتبہ اِن کے سربراہان ایک میز پر بیٹھے اور عالمی امن، جوہری ہتھیاروں، علاقائی تنازعات اور عالمی سلامتی پر براہ راست تبادلہ خیال کیا۔ چین میں ہونے والی (APEC) ایشیا پیسفک اِکنامک کوآپریشن کے ایسے موقع پر یہ اجلاس ہونا جب ایک طرف عالمی تجارت اور اقتصادی تعاون کا فورم موجود تھا تو ساتھ ہی دنیا کی تین بڑی طاقتیں مستقبل کے عالمی نظام پر تبادلہ خیال کررہی تھیں لہذا سہ فریقی ملاقات کو صرف تین صدور کی سفارتی ملاقات سمجھنا حقیقت کو کم تر کرنے کے مترادف ہوگا۔ اجلاس کے پس منظر میں عالمی طاقتوں کے درمیان بڑھتی مسابقت، معاشی مفادات، دفاعی ترجیحات اور مستقبل کے عالمی نظام کی تشکیل کا سوال موجود ہونے کے باوجود ابھی کسی نئے عالمی معاہدے یا فوری امن کی ضمانت تصور کرنا قبل ازوقت ہوگا۔
تمام تر خوش فہمیوں کے باوجود اہم بات یہ ہے کہ اجلاس میں شامل تینوں صدور کی موجودگی بظاہر مشترکہ عالمی ذمہ داریوں کا اظہار ہے لیکن ہر ملک اپنے مخصوص مفادات اور ترجیحات کے ساتھ شریک ہوا۔ صدر ٹرمپ کی اصل دلچسپی جوہری ہتھیاروں میں کمی، روس سے بہتر تعلقات اور چین سے معاشی و تجارتی اختلافات کم کرنے میں ہے وہ چاہتے ہیں کہ دنیا کے تنازعات سے امریکہ کو نکلنے کا باعزت راستہ ملے تاکہ معیشت، تجارت اور عالمی اثرورسوخ پر توجہ دی جا سکے۔ روس کے صدر پوٹن کے لیے یہ اجلاس عالمی سطح پر روسی اہمیت منوانے کا موقع تھا کیونکہ یوکرین سے جنگ کی وجہ سے روس کو مغربی پابندیوں اور سفارتی دبائو کا سامنا ہے۔
اِن حالات میں امریکی صدر کے ساتھ ایک میز پر بیٹھنا سفارتی اعتبار سے روس کے لیے بہت اہم ہے۔ یوکرین تنازعے کا پوٹن ایسا حل چاہتے ہیں جو روس کے لیے قابلِ قبول ہو اور اِس کے مطابق یورپی سلامتی کے انتظامات ہوں۔ صدر شی کے مقاصد بلکل ہی مختلف ہیں وہ امریکہ سے تجارتی و ٹیکنالوجی کے تنازعات کم کرنے کے ساتھ عالمی سطح پر چین کی معاشی اور سفارتی حثیت کو وسعت دینے کے خواہاں ہیں تاکہ چین کو ایک بڑی علاقائی طاقت کی بجائے عالمی فیصلوں میں مرکزی کردار ملے۔ اسی لیے تو چین اجلاس کو عالمی امن اور بڑی طاقتوں کے درمیان تعاون کے تناظر میں پیش کرنے کی کوشش میں ہے۔
جوہری ہتھیاروں میں کمی اور جوہری جنگ کے خطرات کو محدود کرنا سہ فریقی اجلاس کا اہم موضوع تھا جس پر تینوں کا اتفاق بھی ہوگیا کہ جوہری جنگ کسی کے مفاد میں نہیں اِس لیے ایسی نوبت نہ آنے دی جائے گی مگر فرق یہ ہے کہ چینی صدر تو جوہری ہتھیاروں کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں لیکن امریکی صدر تینوں ممالک کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کے ذخائر صرف محدود کرنے کے خواہش رکھتے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ محض بیانات سے اسلحے کی دوڑ ختم نہیں ہو سکتی۔
ویسے بھی دنیا کے سب سے بڑے جوہری ذخائر امریکہ اور روس کے پاس ہیں جبکہ اپنے جوہری پروگرام کو چین بھی وسعت دے رہا ہے۔ تینوں ممالک ہی اپنی قومی سلامتی کے لیے اسلحے اور دفاعی صلاحیت ضروری تصور کرتے ہیں اب جبکہ فروری 2027 میں امریکہ اور روس کے درمیان نیواسٹارٹ جوہری معاہدہ ختم ہونے والا ہے اور نئے جوہری مذاکرات کی ضرورت ہے تو شین ژین اجلاس میں کسی نئے باقاعدہ جوہری تخفیف کے معاہدے کا کوئی اعلان نہیں ہوا۔ محض خطرات کم کرنے اور مذاکرات جاری رکھنے پر ہی اتفاق ہوسکا اسی لیے جوہری ہتھیاروں یا اسلحے کی دوڑ کے خاتمے کی توقع رکھنا درست نہیں۔
روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ نے یورپ کی سلامتی کو متاثر کرنے کے ساتھ عالمی معیشت، توانائی کی فراہمی، خوراک کی قیمتوں اور دفاعی اخراجات کو متاثر کیا ہے اجلاس میں پوٹن نے یوکرین کا ذکر کرتے ہوئے یہ تو اعتراف کیا کہ تینوں ممالک کے درمیان علاقائی تنازعات حل کرنے کے حوالے سے مفادات یکساں ہیں مگر ایسا کوئی ٹھوس معاہدہ جو یوکرین جنگ کے خاتمے کا باعث بنے سامنے نہیں آیا۔ ممکن ہے اِس کی وجہ یہ ہوکہ یوکرین اور یورپی ممالک میں سے کوئی سہ فریقی مذاکرات کے وقت موجود نہیں تھا۔ جب روس اپنے زیرِ قبضہ علاقوں اور سلامتی کے مطالبات سے ہٹنے کوتیار نہیں۔ یوکرین بھی اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر صورت دفاع کرنے کے لیے پُرعزم ہے اسی بناپر جنگ بندی کے فوری آثار نظر نہیں آتے۔
ایران و امریکہ کشیدگی، اسرائیل کے علاقائی اقدامات اور خلیجی ممالک کی سلامتی کے متعلق خدشات سے خطے میں غیر یقینی کی صورتحال ہے۔ اِس کے باوجود چار نکاتی اعلامیے میں ایران، اسرائیل یا مشرقِ وسطیٰ کے تنازعات کے حل کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ اصل میں چین کے ایران سے اقتصادی اور سفارتی تعلقات ہیں، روس بھی ایران سے تعاون کرتا ہے مگر امریکہ مشرقِ وسطیٰ میں اپنے اتحادیوں اور تزویراتی مفادات کو اہم سمجھتا ہے اسی بناپر تینوں ممالک کسی مشترکہ لائحہ پر نہیں پہنچ سکے۔ اگر یہ امن میں سنجیدہ ہوں تو اپنے اپنے اتحادیوں کے مفادات کا تحفظ چھوڑ کر تمام فریقین کے لیے قابلِ قبول سیاسی حل تلاش کریں وگرنہ عالمی طاقتوں کی مسابقت اوردخل اندازی مشرقِ وسطیٰ کے تنازعات کو مزید پچیدہ بنادے گی۔
امریکہ اور چین اِس وقت دنیا کی بڑی معیشتیں ہیں اِن میں تجارتی محصولات، ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور معدنیات کی فراہمی پر سنجیدہ نوعیت کے اختلافات ہیں جبکہ یورپی ممالک کی روس پر پابندیوں نے عالمی توانائی اور تجارت کو متاثر کر رکھا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چین میں منعقد ہونے والی اے پی ای سی کانفرنس میں آزاد تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون پر گفتگوتو ہوئی لیکن معاہدہ نہ ہو سکا۔
سہ فریقی اجلاس کا ایک اہم پہلو اقوامِ متحدہ کی اصلاحات کا ہے۔ اجلاس میں شامل تینوں ممالک سلامتی کونسل کے مستقل رُکن اور ویٹو کا اختیار بھی رکھتے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کا مقصد عالمی امن، تنازعات کا پُرامن حل اور عالمی قوانین کی پاسداری کرانا ہے لیکن سلامتی کونسل میں بڑی طاقتوں کے اختلافات ہی تنازعات کے حل میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ یوکرین جنگ، مشرقِ وسطیٰ کے معاملات، کشمیر، سوڈان، فلسطین، یمن جیسے مسائل اِس کی بڑی مثالیں ہیں۔ علاوہ ازیں اعلامیے میں عالمی فوجداری عدالت کے اختیارات کے ناجائز استعمال سے بچنے پر زور تو دیا گیا لیکن کسی طریقہ کار کی وضاحت نہیں کی گئی۔
دنیا اب یک قطبی نظام سے آزاد ہوکر متعدد طاقتوں اور مختلف معاشی و دفاعی اتحادوں کی طرف جارہی ہے امریکہ، چین اور روس کے علاوہ یورپی یونین، بھارت، جاپان، ترکیہ، آسٹریلیا اور دیگر علاقائی طاقتیں بھی عالمی معاملات میں اپنا کردار بڑھارہی ہیں۔ دنیا کی تین بڑی طاقتوں کا اکٹھے بیٹھنا اہم تو ہے مگر یہ تصور کرلینا کہ تمام معاملات اِن کی مرضی کے مطابق حل ہوں گے اب ایسا ممکن نہیں۔ یورپ کے اپنے مفادات ہیں، یوکرین کی اپنی ترجیحات ہیں، مشرقِ وسطیٰ کے ممالک مستقبل کے فیصلوں میں خود مختاری چاہتے ہیں، ایشیائی اور افریقی ممالک بھی عالمی فیصلوں میں زیادہ اہمیت کے طلبگار ہیں۔ ایسی صورت میں عالمی طاقتوں کے درمیان تعاون تبھی دیرپا ہوسکتا ہے جب اپنے مفادات کے ساتھ چھوٹے ممالک کی خودمختاری اور عالمی قوانین کا خود بھی احترام کریں۔
تینوں ممالک جوہری خطرات کم کرنے، تجارتی رکاوٹیں دور کرنے، توانائی کے تعاون کو فروغ دینے اور علاقائی تنازعات کے پُرامن حل کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں تو سہ فریقی ملاقات عالمی امن کے لیے مثبت پیش رفت ثابت ہوسکتی ہے۔ اگر تینوں طاقتوں نے اپنے اتحادیوں کی سرپرستی جاری رکھی اور دنیا میں اثرورسوخ بڑھانے کی دوڑ ختم نہ کی تو یہ اجلاس بھی محض سفارتی تصاویر، بیانات اور مشترکہ اعلامیے کی صورت میں ہی یاد رہے گا۔ شین ژین کا سہ فریقی اجلاس عالمی سفارت کاری کا اہم واقعہ سہی مگر دنیا کو اِس وقت کسی نئے طاقت کے مرکز یا عالمی بالادستی کی دوڑ سے زیادہ ایسے عالمی نظام کی ضرورت ہے جہاں تمام چھوٹے اور بڑے ممالک کو برابر کی خودمختاری حاصل ہو۔ جنگوں کی بجائے مذاکرات سے تنازعات حل کیے جائیں اور اقوامِ متحدہ عالمی طاقتوں کے مفادات کی تکمیل کا فورم نہ ہو بلکہ صیح معنوں میں امن کا ضامن اِدارہ بنے۔