Tuesday, 24 November 2026
  1. Home/
  2. Muhammad Irfan Nadeem/
  3. Molana Nazar Ur Rehman

Molana Nazar Ur Rehman

اس کام کا آغاز 1927ءمیں ہوا اور اس کی بنیاد مولانا الیاسؒ نے رکھی۔ مولانا الیاسؒ 1303ھ میں پیدا ہوئے۔ والد کا نام مولوی اسماعیل تھا اور انہوں نے اپنے علاقے میں ایک چھوٹا سا مدرسہ قائم کیا ہوا تھا جہاں محلے کے بچے پڑھنے کے لیے آتے تھے۔ مولوی اسماعیل صاحب کی وفات کے بعد ان کے بڑے بیٹے مولوی محمد نے اس مدرسے کی ذمہ داری سنبھالی، 1336ھ میں ان کی بھی وفات ہوگئی، چھوٹے بیٹے مولانا محمد الیاس ان دنوں مظاہر العلوم سہارنپور میں مدرس تھے، بھائی کی وفات ہوئی تو انہیں سہارنپور چھوڑ کر بستی نظام الدین آنا پڑا اور یہاں سے ان کی زندگی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا۔

بستی نظام الدین صوبہ ہریانہ کے شہر میوات کے دہانے پر واقع تھی، میوات قوم کی حالت کچھ اچھی نہیں تھی، یہ لوگ ہندووں اور سکھوں کی طرح نام رکھتے تھے، ان کے سروں پر چوٹیاں بھی ہوتی تھیں اور یہ اپنے گھروں میں مورتیاں بھی سجاتے تھے، یہ ہندووں کی طرح ہولی اور دیوالی بھی مناتے تھے اور یہ بابا گرونانک کے بھی پجاری تھے۔ کلمہ، نماز اور روزے کا تو انہیں پتا ہی نہیں تھا۔

مولانا الیاسؒ کے لیے یہ صورتحال بہت تکلیف دہ تھی، انہوں نے میوات کے علاقے میں مدارس اور مکاتب قائم کرنا شروع کیے لیکن میواتی اپنے بچوں کو ان مدرسوں میں بھیجنے کے لیے تیار نہیں تھے لیکن اس سب کے باوجود مولانا الیاس اپنی محنت میں لگے رہے۔ بہت جلد مولانا کو احساس ہوگیا کہ جب تک ان میواتیوں کو ان کے ماحول سے نہیں نکالا جاتا تب تک محنت رائیگاں جائے گی۔ اس کے بعد مولانا نے میواتیوں کو جماعت کی صورت میں ان کے ماحول سے نکالا اور انہیں مساجد، مدارس اور خانقاہوں میں ٹھہرانا شروع کیا، یہیں سے تبلیغی کا م کا آغاز ہوا، ابتدا میں یہ کام بہت مشکل تھا لیکن مسلسل محنت سے راستے بنتے گئے۔ یہ مولانا الیاس کی محنت کا ہی نتیجہ تھا کہ وہ میوات جو آدھا ہندو ہو چکا تھا 1941 میں جب وہاں پہلا تبلیغی اجتماع ہوا تو اس میں پچیس ہزار لوگ شریک ہوئے جو کئی کئی میل سے پیدل سفر کرکے وہاں پہنچے تھے۔

مولانا نذرالرحمان صاحب بھی اسی قافلے کے ایک فرد تھے، وہ 1929ءمیں ضلع راولپنڈی کے گا¶ں بلوال میں ایک دیندار گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد حافظ غلام محی الدین ایک نیک، متقی اور اہلِ اللہ سے تعلق رکھنے والے بزرگ تھے۔ گھر کا ماحول دینی تھا چنانچہ مولانا کی ابتدائی تربیت قرآن کریم، مسجد اور دینی ماحول میں ہوئی۔ بعدازاں انہوں نے دارالعلوم ربانیہ بھوئی گاڑ، ٹیکسلا میں مفتی عبدالحئی قریشی اور مولانا فرید الدین قریشی جیسے اہلِ علم سے مختلف علوم کی تحصیل کی۔ ان کا علمی سفر بالخصوص حدیثِ نبوی ﷺ کی تعلیم و تحصیل سے وابستہ رہا۔ انہوں نے ضلع گجرات کے ایک مدرسہ خادم العلوم، کٹھیالہ شیخاں میں 1949ء اور 1950ءکے دوران مولانا سلطان محمود سے دورہ حدیث مکمل کیا، مولانا سلطان محمود شیخ الہندؒ کے شاگرد تھے۔ فراغت کے بعد مولانا نذر الرحمن نے تدریس، امامت اور خطابت کے میدان میں خدمات انجام دیں۔

مختلف مساجد اور دینی اداروں میں ان کی وابستگی رہی جہاں وہ لوگوں کی دینی رہنمائی اور طلبہ کی علمی تربیت کرتے رہے۔ دارالعلوم ربانیہ بھوئی گاڑ میں تدریس سے بھی وابستہ رہے۔ بعدازاں ٹیکسلا، واہ کینٹ اور راولپنڈی کے مختلف دینی مراکز میں امامت و خطابت اور تعلیم و تدریس کی خدمات انجام دیں۔ راولپنڈی کی زکریا مسجد میں بھی ایک طویل عرصے تک ان کا علمی و دعوتی سلسلہ جاری رہا۔

مولانا نذر الرحمن صاحب ان بزرگوں میں شامل تھے جنہوں نے پاکستان میں تبلیغی جماعت کے ابتدائی دور میں اس دعوتی تحریک کے ساتھ وابستگی اختیار کی۔ قیامِ پاکستان کے بعد جماعت کے دعوتی کام کو منظم کرنے والے ابتدائی کارکنوں میں ان کا شمار ہوتا تھا۔ انہوں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ دعوت و تبلیغ کے لیے وقف کر دیا۔ 1981ءمیں ان کی رائیونڈ تبلیغی مرکز میں تقرری ہوئی۔

رائیونڈ مرکز میں انہوں نے تدریس، مشاورت، دعوتی نظم اور دیگر ذمہ داریوں کے ذریعے جماعت کی خدمت کی۔ وہ مدرسہ عربیہ تبلیغی مرکز میں تعلیم و تدریس سے بھی وابستہ رہے۔ ان کی دعوتی زندگی کا ایک اہم پہلو حاجی مولانا محمد عبدالوہاب رحمة اللہ علیہ کے ساتھ طویل رفاقت تھا۔ دونوں بزرگوں نے برسوں ایک دوسرے کے ساتھ دعوتی کام کیا۔ اس رفاقت نے مولانا نذر الرحمن صاحب کو جماعت کے نظم، اس کے دعوتی مزاج، مشاورت اور بین الاقوامی دعوتی سرگرمیوں کا وسیع تجربہ فراہم کیا۔ وہ محض ایک انتظامی ذمہ دار نہیں بلکہ جماعت کے قدیم، تجربہ کار اور علمی پس منظر رکھنے والے کارکن تھے۔ نومبر 2018ءمیں حاجی مولانا محمد عبدالوہاب رحمة اللہ علیہ کے انتقال کے بعد تبلیغی جماعت پاکستان کی قیادت کی ذمہ داری مولانا نذر الرحمن صاحب کے سپرد ہوئی۔ اس سے قبل وہ جماعت کے نائب امیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ اکابرین کی مشاورت اور جماعت کے اجتماعی نظم کے تحت انہیں امیر منتخب کیا گیا۔

مولانا نذر الرحمن صاحب نے تقریباً آٹھ سال، 2018ء سے 2026ء تک، امارت کی ذمہ داری ادا کی۔ ان کی قیادت کا نمایاں وصف سادگی اور غیر نمایاں رہ کر کام کرنا تھا۔ وہ ان شخصیات میں سے نہیں تھے جو اپنی ذات کو دعوت کے کام سے بڑا بنا کر پیش کریں۔ ان کا طرزِ زندگی اس بات کی یاد دہانی تھا کہ دینی قیادت کا اصل معیار منصب، شہرت یا ظاہری شان و شوکت نہیں، بلکہ ذمہ داری کا احساس، اخلاص، تقویٰ اور خدمت ہے۔

16 نومبر 2026ءکو مولانا نذر الرحمن صاحب اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔ ان کی وفات یقیناََ ایک بڑا نقصان ہے۔ ایک عالم، مدرس، داعی، بزرگ اور جماعت کے امیر کی جدائی اپنے اثرات رکھتی ہے لیکن ان کی زندگی کاسبق یہ ہے کہ افراد فانی ہیں جبکہ دین کا کام باقی رہنے والا ہے۔ ان کے جنازے میں ہزاروں، بلکہ لاکھوں عقیدت مندوں کی شرکت اس بات کی علامت تھی کہ خاموشی سے کی گئی دینی محنت لوگوں کے دلوں میں جگہ بناتی ہے۔

شہرت کے بغیر خدمت، نمود و نمائش کے بغیر دعوت اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر دین کے لیے زندگی گزارنا ہی کسی انسان کی حقیقی کامیابی ہے۔ اللہ تعالیٰ مولانا نذر الرحمن صاحب کی تمام دینی، علمی، تدریسی اور دعوتی خدمات کو قبول فرمائے، ان کی لغزشوں سے درگزر فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور تبلیغی جماعت سمیت تمام دینی حلقوں کو ان کا نعم البدل عطا فرمائے۔

Check Also

Jamhuriat Aur Awami Masail: Falsafa Aur Haqiqat Ka Fasla

By Unzila Siddiqui