دہلی سے جنوب کی طرف جائیں تو تھوڑے فاصلے پرایک بستی آتی ہے، اس کا نام بستی نظام الدین ہے۔ یہ حضرت نظام الدین اولیاء کی وجہ سے مشہور ہے۔ انیسویں صدی میں یہاں ایک بزرگ رہا کرتے تھے جن کا نام مولوی محمد اسماعیل تھا، ان کا معمول تھا کہ جب کو ئی شخص اس علاقے میں آتا یہ آگے بڑھ کر اس کا سامان اٹھا لیتے، سامان سر پر رکھتے اوراسے منزل تک پہنچانے کے ساتھ اس کے پانی اور کھانے وغیرہ کا اہتمام بھی کرتے۔ جب مہمان رخصت ہو جاتا تو دو رکعت نفل پڑھ کر شکرادا کرتے کہ اللہ نے انہیں اس خدمت کی توفیق دی۔
1885 میں ان کے ہاں ایک بچے کی پیدائش ہو ئی، والدین نے بغیر سوچے سمجھے اس کا نام الیاس رکھ دیا۔ بچے کی تعلیم و تربیت کا اہتمام گھر میں ہی کیا گیا، گھر کی تمام خواتین صاحب نسبت تھیں، بزرگوں سے تعلق تھا اور بچوں کو طوطا مینا اور جنوں پریوں کی کہانیاں سنانے کے بجائے بزرگوں کے قصے سنائے جاتے تھے۔ گھر میں ہر طرف نماز روزہ اور تلاوت قرآن کی محفلیں ہوا کرتے تھیں، گھر کے بزرگ اگر کسی کو دعا دیتے تو کہا جاتا تھا اللہ تجھے اپنے دین کی خدمت کے لیے قبول فرمائے۔
الیاس نامی بچے کے والد مولوی اسماعیل صاحب نے اس علاقے میں ایک چھوٹا سا مدرسہ بھی قائم کیا ہوا تھا جہاں محلے کے بچے پڑھنے آیا کرتے تھے۔ کچھ عرصہ بعد مولوی اسماعیل صاحب کی وفات ہوئی تو ان کے بڑے بیٹے مولوی محمدنے اس مدرسے کی ذمہ داری سنبھالی، 1917 میں ان کی بھی وفات ہوگئی، چھوٹا بیٹامحمد الیاس ان دنوں مظاہر العلوم سہارنپور میں مدرس تھا، بھائی کی وفات ہوئی تو اسے سہارنپور چھوڑ کر بستی نظام الدین آنا پڑا اور یہاں سے اس کی زندگی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا۔ یہی محمد الیاس بعد میں تبلیغی جماعت کے بانی مولانا محمد الیاس کہلائے۔
بستی نظام الدین صوبہ ہریانہ کے شہر میوات کے دہانے پر واقع تھی، میوات کے اکثر لوگ بستی نظام الدین آیا جایا کرتے تھے اور ان کے بچے بھی اس مدرسے میں زیر تعلیم تھے۔ میوات قوم کی حالت کچھ اچھی نہیں تھی، یہ لوگ حضر ت نظام الدین اولیاء کی کوششوں سے مسلمان تو ہو گئے تھے لیکن یہ صرف نام کے مسلمان تھے۔ یہ ہندوؤں اور سکھوں کی طرح نام رکھتے تھے، ان کے سروں پر چوٹیاں بھی ہوتی تھیں اور یہ اپنے گھروں میں مورتیاں بھی سجاتے تھے۔ یہ ہندوؤں کی طرح ہولی اور دیوالی بھی مناتے تھے اور یہ بابا گرونانک کے بھی پجاری تھے۔ کلمہ، نماز اور روزے کا تو انہیں پتا ہی نہیں تھا، چناچہ اگر اتفاق سے کوئی شخص اس علاقے میں آ کر نماز پڑھنا شروع کر دیتا تو سب اس کے ارد گرد اکھٹے ہو جاتے کہ اس بندے کو کیا ہوا، کیا اس کے پیٹ میں تکلیف ہے یا کوئی اور مسئلہ ہے۔
1921میں صورتحا ل اس وقت مزید بگڑ گئی جب ہندوؤں نے آریہ سماج کی تحریک شروع کی اور لوگوں کو ہندو بنانا شرو ع کر دیا، میوات کے علاقے سے ہندوؤں کی کامیابی کی خبریں آنا شروع ہوگئیں، مولانا الیاس کے لیے یہ صورتحال بہت تکلیف دہ تھی۔ چنانچہ مولانا الیاس نے میوات کے علاقے میں مدارس اور مکاتب قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ مدارس اور مکاتب تو قائم ہو گئے مگر اگلا مسئلہ یہ تھا کہ میواتی اپنے بچوں کو ان مدرسوں میں بھیجنے کے لیے تیار نہیں تھے۔
میواتیوں کے لیے بچوں کی تعلیم کے بجائے مویشیوں کی دیکھ بھال اور کھیتی باڑی اہم تھی۔ مولاناالیاس میواتیوں کے اس رویے کے باوجود اپنی محنت میں لگے رہے۔ ایک دفعہ آپ میوات کے سفر پر گئے، آپ کے سامنے ایک طالبعلم کو پیش کیا گیاکہ یہ فلاں مدرسے سے پڑھ کر فارغ ہوا ہے اور اس کی خوب تعریف کی گئی، مولانا نے دیکھا تو داڑھی نہیں تھی اور وہ کسی طور مدرسے کا طالبعلم دکھائی نہیں دیتا تھا، اس واقعے نے مولانا کی سوچ بدل دی کہ جب تک ان میواتیوں کو ان کے ماحول سے نہیں نکالا جائے گا تب تک محنت رائیگاں جائے گی۔
چناچہ مولانا نے میواتیوں کو جماعت کی صورت میں ان کے ماحول سے نکالااور انہیں مساجد، مدارس اور خانقاہوں میں ٹھہرانا شروع کردیا، ابتدا میں یہ کام بہت مشکل تھا لیکن مسلسل محنت سے راستے بنتے گئے اور ان لوگوں میں دین کی طرف آنے کارجحان پکڑنا شروع ہوگیا۔ ایک دفعہ آپ ایک میواتی کو دعوت دے رہے تھے وہ بگڑ گیا اور آپ کو مکا مار دیا، آپ کمزور آدمی تھے زمین پر گر پڑے، اگلے ہی لمحے اٹھے اور اس کا دامن پکڑ کرکہا "تم اپنا کام کر چکے اب میری بات سنو"۔ مولانا الیاس کا یہ صبر اوراخلاص ہی تھا کہ میوات کے علاقے میں تبدیلی آنا شروع ہوئی گئی، لوگ اسلام کی طرف واپس آنے لگے اور میواتی جو آدھے ہندو بن چکے تھے دوسروں کو دعوت دینے کے لیے اپنے گھروں سے نکلنے لگے۔
مولانا الیاس ہر لمحہ امت کی فکر میں لگے رہتے تھے، ان کی اہلیہ بتاتی ہیں کہ مولانا راتوں کو بہت کم سوتے تھے، ان کی ساری رات بستر پر آہیں بھرتے اور کروٹیں بدلتے ہی گزر جاتی تھی، ایک دفعہ میں نے پوچھا آپ کو رات کو نیند کیوں نہیں آتی تو فرمایا اگر وہ بات تمہیں معلوم ہو جائے تو جاگنے والے دو ہو جائیں۔ مولانا الیاس تبلیغ کے لیے کئی کئی دن تک کھانا نہیں کھاتے تھے، میلوں پیدل سفر کرتے اور جب دیکھتے کہ جماعت کے ساتھی تھک گئی ہیں تو کہتے "جبل جہد کی دوسری طرف خدا ہے جس کا جی چاہے مل لے"۔
ایک صاحب نے خیریت طلب کی تو فرمایا "خیریت تو تب ہے کہ جس کام میں لگے ہو وہ پورا ہو جائے۔ "ایک صاحب نے خط لکھ کر خیریت دریافت کی تو جواب لکھا "طبیعت میں سوائے تبلیغی درد کے اور خیریت ہے"۔ جب آپ دیکھتے کہ تبلیغ کے کام میں جڑنے والے اکثر لوگ ان پڑھ اور سادہ قسم کے دیہاتی ہیں تو بڑے افسوس سے کہتے "کاش علماء اس کام کو سنبھال لیتے اور پھر ہم چلے جاتے"۔ ایک مرتبہ ایک مخاطب سے کہا "یہ کام قرن اول کا ہیرا ہے اس کے لیے اپنی جانیں قربان کر دو اور اپنا سب کچھ لٹا دو، اللہ کے لیے جتنا زیادہ قربان کرو گے اتنا زیادہ پاؤ گے"۔
ایک خط کا جواب دیتے ہو ئے لکھا دنیا فانی کے کام کے لیے تو گھر کے سارے فرد ہوں لیکن اللہ کے کام کے لیے ایک فرد بھی نہ نکلے۔ ایک مرتبہ لکھنؤ کے تبلیغی جلسے میں لوگوں کو تبلیغ میں نکلنے کے لیے تیار کر رہے تھے، تبلیغ کے ایک ساتھی حاجی ولی محمد کی طرف مخاطب ہو کر فرمایا: تم کیوں نہیں جاتے، اس نے کہا"حضرت میری طبیعت خراب ہے میں تو مر رہا ہوں، فرمایا: مرنا ہی ہے تو تبلیغ میں جا کر مرو"۔ یہ مولانا الیاس کی محنت کا ہی نتیجہ تھا کہ وہ میوات جو آدھا ہندو ہو چکا تھا 1941 میں جب وہاں پہلا تبلیغی اجتماع ہوا تو اس میں پچیس ہزار لوگ شریک ہوئے جو کئی کئی میل سے پیدل سفر کرکے وہاں پہنچے تھے۔
مولانا الیاس کی مساعی کا نتیجہ ہے کہ آج ہر سال رائیونڈ میں لاکھوں لوگوں کا اجتماع ہوتا ہے۔ اس سال بھی رائیونڈ میں 6 تا 8 نومبر تین دن تبلیغی اجتماع جاری رہا جس میں پاکستان بھر سے لاکھوں لوگ شریک ہوئے۔ دنیا کے مختلف کونوں سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مولانا الیاس کی تڑپ اور فکر تھی کہ آج تبلیغی جماعت کا دائرہ میوات سے نکل کر دنیا کے گوشے گوشے تک پھیل چکا ہے۔ مولانا الیاس کی فکر اور جدو جہد نے ثابت کیا ہے کہ معاشرے کی تبدیلی کے لیے محض شکایتیں، تقریریں اورکاغذی منصوبے کافی نہیں ہوتے بلکہ اس کے لیے اخلاص، مسلسل محنت، قربانی اوردردمند دل درکار ہوتا ہے۔
آج جب ہم رائیونڈ میں لاکھوں لوگوں کو دیکھتے ہیں تو ہمیں مولانا الیاس کی وہ بے چین راتیں، میوات کی خاک آلود گلیاں اور وہ مسلسل جدوجہد یاد رکھنی چاہیے جس نے ایک چھوٹے سے مدرسے سے اٹھنے والی دعوت کوایک عالمی تحریک بنا دیا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیاآج ہم بھی اپنی آخرت کی فکر، امت کی بہتری اوردین کے لیے اپنے حصے کی کوئی شمع روشن کر رہے ہیں یا اس کے لیے تیار ہیں؟