بلاول بھٹو زردار ی ایک اچھے سیاستدان ہیں، پڑھے لکھے ہیں، مہذب ہیں، جمہوری ہیں، نکتہ دانی بھی اچھی ہے۔ اپنے اندر محترمہ بے نظیر بھٹو کی جرات اور آصف علی زرداری کی حکمت بھی لئے ہوئے ہیں۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ ان کی تعلیم، تربیت، عمر اور اُٹھان دیکھیں تو روایتی اور فرسودہ بھی نہیں کہہ سکتے مگر بعض اوقات وہ ایسی باتیں کرتے ہیں جو جدید معاشرے اور ریاستیں کم و بیش ایک صدی پہلے متروک کر چکی ہیں جیسے ابھی کچھ عرصہ پہلے انہوں نے سندھ کے بہت قریب پنجاب کے علاقے میں محفوظ شہید کینال کی تعمیر کی مخالفت کی، بھلا آج کے دور میں کوئی تعمیر اور ترقی کی بھی مخالفت کرتاہے، سبز انقلاب اور عوامی خوشحالی کی بھی مخالفت کرتا ہے مگر کیا کیا جائے کہ ان کے سامنے سندھ کے قوم پرست ہیں اور وہ ان کے سامنے نیچا نہیں لگنا چاہتے سو بعض اوقات وہ قوم پرستوں سے بڑھ کے قوم پرست ہوجاتے ہیں حالانکہ بلاول بھٹو زرداری میں اپنے نانا کی طرح یہ خصوصیت موجود ہے کہ وہ عوام کے پیچھے لگنے کی بجائے عوام کواپنے پیچھے لگائیں یعنی گھوڑا گاڑی کو کھینچے مگر ہوتا یوں ہے کہ گاڑی گھوڑے کوکھینچنے لگتی ہے اوریوں حادثے ہوجاتے ہیں۔
اب دیکھئے انہوں نے وہی پرانی، روایتی اور گھسی پٹی با ت کر دی کہ وہ سندھ کو تقسیم نہیں ہونے دیں گے اورمیرا ان سے کہنا ہے کہ سندھ کی تقسیم اگرا نتظامی طور پر ہوتی ہے تو یہ عوام کے لئے، سیاستدانوں کے لئے، مقتدرہ کے لئے، بیوروکریسی کے لئے الغرض ہر کسی کے لئے اچھی ہے کہ سندھ کی تقسیم کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہے کہ اسے پنجاب یا بنگال کی طرح دو ریاستوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے، اسے تقسیم کرکے بھوٹان یا بنگال بھیجا جا رہا ہے اور باقی یہیں رہے گا، بھائی، یہ تو انتظامی تقسیم ہے، گورننس کے لئے ہے۔
میرا پہلا سوال ہی یہ ہے کہ سندھ جہاں گورننس کے بہت سارے مسائل موجود ہے، اندرون سندھ تو ایک طرف رہا کراچی تک میں یونیورسٹی روڈ کی برس ہا برس سے تعمیر نہیں ہوتی تو وہاں گڈ گورننس کے لئے اقدامات کیوں نہ ہوں، سندھ کی انتظامی تقسیم کیوں نہ ہو۔ سوال تو یہ بھی ہے کہ انتظامی تقسیم سے، سندھ ون، سندھ ٹو اور سندھ تھری بننے سے سندھ کے عوام کو کیا مشکل ہوگی، کوئی بھی نہیں بلکہ جو حکومت اب انہیں کراچی میں ملتی ہے ان کے اپنے گوٹھ اور گاوں کے قریب ملے گی۔ کیا سندھ کے تقسیم ہونے سے سندھی زبان کی جگہ پنجابی یا پشتو نافذ ہوجائے گی یا اجرک کی جگہ پگڑی یا کھیس اوڑھا جانے لگے گا۔ سندھ تو سندھ ہی رہے گا۔
میرا دوسرا سوال یہ ہے کہ آپ پنجاب کی تقسیم کی حمایت کرتے ہیں اور سندھ کی تقسیم پرکراچی کی سڑکوں پر خون بہنے کی باتیں کرتے ہیں تو کیا یہ کھلا تضاد نہیں ہے۔ پنجاب تو اس سے پہلے بھی اسلام کے نام پر، پاکستان کے نام پر تقسیم ہوچکا۔ سندھ تو اس طرح تقسیم نہیں ہو رہا کہ سندھیوں کو اپنی جائیدادیں، زمینیں اور پرکھوں کی قبریں چھوڑنی پڑ رہی ہوں، ماں بولی تقسیم ہو رہی ہو۔ میرا تیسرا سوال آپ کی دلیل سے جڑا ہوا ہے، آپ کہتے ہیں، جنوبی پنجاب کے لوگوں کو نیا صوبہ دیا جائے، میں آپ کو بتاؤں کہ جنوبی پنجاب میں شامل ہونے والے تمام ممکنہ اضلاع کی آبادی پنجاب کی کل آبادی کا ایک تہائی بھی نہیں، غالباََ تیس، اکتیس فیصد ہے مگر دوسری طرف سندھ کی شہری آبادی کو اپنے لئے الگ صوبہ مانگتی ہے وہ پچاس فیصد سے بھی زیادہ ہے یعنی جمہوریت کہتی ہے اکاون فیصد کا فیصلہ مانا جائے، اس طرح یہ فیصلہ سندھ کی تقسیم کا بنتا ہے، پنجاب کی تقسیم کا تو دو تہائی اکثریت سے مسترد ہوتا ہے۔
میں آپ سے چوتھا سوال کر لیتا ہوں کہ اصل میں آپ خوفزدہ ہیں کہ کراچی اور حیدرا ٓباد عمومی طور پر پیپلزپارٹی کو مسترد کرتے ہیں سو یہ الگ صوبے بنے تو پیپلزپارٹی صرف اندرون سندھ کی پارٹی بن کے رہ جائے گی، اس کے قبضے سے کراچی کی سونے کی چڑیا نکل جائے گی۔ سو آپ کا اصل مسئلہ عوام نہیں بلکہ اقتدار ہے، کراچی پر قبضہ برقرار رکھنا ہے۔
میرا پانچواں سوال ہے کہ ہرتھوڑے عرصے بعد آپ کا لہجہ بدل جاتا ہے، آپ حکومت میں بھی ہیں اور اپوزیشن میں بھی ہیں، آپ دو کشتیوں کے سوار کیوں ہیں۔ آپ اپنے والد سے مشورہ کیوں نہیں کر لیتے کہ آپ نے کس طرف جانا ہے۔ یعنی میرا سوال ہے کہ آپ کنفیوژ کیوں ہیں اور آپ یہ سمجھتے ہیں کہ جنہوں نے آپ کوعزت، طاقت اور اقتدار دے رکھا ہے وہ غلط ہیں تو آپ کو یہ فائدے کا سودا لگتاہے کہ عمران خان اور فضل الرحمان راستے پر چلے جائیں تو چلے جائیں پھردو کشتیوں کی سواری کیوں۔
میرا چھٹا سوال بھی اسی سے جڑا ہوا ہے کہ ستائیسویں آئینی ترمیم کے لئے آپ نے بڑا کردار ادا کیا، مولانا فضل الرحمان کو منانے کے لئے جاتے رہے اور اب آپ اسے جبر کہہ رہے ہیں تو مجھے اس سے اکہتر یاد آ گیا جب آپ کے نانا پر مغربی پاکستان کے اقتدار کے لئے ادھر ہم ادھر تم کے نعرے کا الزام لگا، پی پی پی کی پالیسیاں واضح تھیں مگر اس کے بعدساری ذمے داری شیخ مجیب پر ڈال دی گئی، بےشک وہ ہی بنیادی مجرم تھا مگر آپ بھی تو دھکیلنے والے تھے سو جو کرتے ہیں اس کی ذمہ داری بھی قبول کرنے کی ہمت پیدا کیجئے۔ میرا ساتواں سوال بھی آپ کی اعلیٰ اخلاقی اقدار کے حوالے سے ہے جس میں آپ پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں کی بات کر رہے ہیں یعنی ان کی واپسی کی۔ آپ نے اچھی بات کی توپھر آپ کے ایسی سیٹوں پر ارکان کب مستعفی ہو رہے ہیں، یہ تو آپ نے ہی بتانا ہے کیونکہ عمران خان کی طرح اخلاقیات صرف زبانی نہیں، عمل میں بھی ہونی چاہئے۔
میرا آٹھواں سوال بھی آپ کی طرف سے عمران خان کو بار بار سیاسی قیدی قرار دینے اور مولانا فضل الرحمان کو فون کرنے بارے ہے کہ آپ اس تقسیم میں کھلے ڈلے ہو کر کھڑے ہوجائیں کہ آپ نو مئی والوں کے ساتھ ہیں یا ان کے مخالف ہیں۔ آپ فوج اور نواز لیگ سے عزت، طاقت اور اقتدار چاہتے ہیں تو انہیں بھی عزت اور طاقت دیں، یہ عزت اورمفادات کی شاہراہ ون وے نہیں ہوتی کہ آپ ایوان صدر بھی لیں، گورنریاں اور حکومتیں بھی لیں، آپ کا گورنر کے پی کے کا آل ان آل ہو اور آپ اس گورنر راج کے خلاف بھاشن بھی دیں، نہیں صاحب نہیں، یہ نہیں چلے گا اور میرا نوواں سوال فارم سینتالیس کے الزامات بارے ہے۔
کیا آپ کے والد صاحب انہی ووٹوں سے ایوان صدر میں براجمان نہیں جن کو آپ فارم سینتالیس والا کہتے ہیں اور اگر ایسا ہے تو آپ اس ایوان صدر کو لات کیوں نہیں مار دیتے، اس سے جڑی یہ گورنریاں کیوں نہیں چھوڑ دیتے اور سب سے بڑھ کے جو لوگ مرتضیٰ وہاب کو کراچی کا مئیر مانتے ہیں یا مئیر کے الیکشن کا احوال جانتے ہیں کیا ان کے منہ سے بھی فارم سینتالیس کی باتیں اچھی لگتی ہیں جب حافظ نعیم الرحمان کے بتیس ووٹ اٹھا لئے گئے، کچھ کو دھمکا دیا گیا اور کچھ کو للچا دیا گیا اور کیا آپ نے گلگت بلتستان کی حکومت بجٹ منظوری کے موقعے پربلیک میلنگ سے نہیں لی؟
میرا دسواں سوال ریفرنڈم بارے ہے اور آپ کی سب سے بڑی طاقت ہی جمہوریت ہے مگر آپ ریفرنڈم کی مخالفت کر رہے ہیں یعنی عوامی رائے کی مخالفت۔ کیا آپ کو ڈر ہے کہ اب گوٹھوں ا ور صحراوں میں رہنے والے بھی حکومت میں اپنا شئیر چاہتے ہیں، اپنے حکمرانوں کو اپنی دہلیز پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ آپ جانتے ہیں کہ فری اینڈ فئیر ریفرنڈم ہوا تو آپ کی یہ دقیانوسی سوچ دفن ہو کے رہ جائے گی، سو عوام سے پوچھنے میں کیا حرج ہے۔ سو اتنی نہ بڑھایئے پاکی داماں کی حکایت اور مجھے علامہ اقبال کی زبان میں کہنا ہے، آئین نو سے ڈرنا، طرز کہن پر اڑنا، منزل یہی کٹھن ہے قوموں کی زندگی میں۔