Wednesday, 18 November 2026
  1. Home/
  2. Nusrat Javed/
  3. Khat Aur Khan Sahab Ko Inqilab Se Waqfa Lene Ki Zaroorat

Khat Aur Khan Sahab Ko Inqilab Se Waqfa Lene Ki Zaroorat

عمران خان صاحب سے کئی مشترکہ دوستوں کی بدولت بے تکلفانہ شناسائی کے باوجود اکتوبر 2011ء میں ان کے بینڈ، باجہ، بارات کے ساتھ سیاسی میدان میں "لانچ" ہوجانے کے عمل کو تنقیدی نگاہوں سے جانچنا شروع ہوگیا۔ اس ماہ لاہور کے مینارِ پاکستان تلے قائم وسیع وعریض چمن میں انہوں نے ایک بھرپور جلسے سے خطاب کیا تھا۔ اس جلسے سے قبل انتہائی منظم مہم کے ذریعے ملک بھر سے نوجوانوں کو لاہور جانے کے لیے متحرک کیا گیا۔ جس روز وہ جلسہ منعقدہورہا تھا تو یوں محسوس ہوا کہ ملک بھر سے نوجوانوں کا سیلاب مینارِ پاکستان جمع ہونے کو بے چین ہے۔

مذکورہ لانچ کے بارے میں تحفظات کا اظہار کیا تو سوشل میڈیا پر چھائے عاشقانِ عمران نے فیس بک اور ٹویٹر جیسے پلیٹ فارموں کے استعمال سے مخالفوں کی بھد اڑانے کے تمام حربے استعمال کرتے ہوئے مجھے لفافہ اور بدکردار صحافی ثابت کرنا شروع کردیا۔ ڈھیٹ ہڈی ہونے کی وجہ سے گھبرایا نہیں۔ اپنے تحفظات مزید شدت سے بیان کرنا شروع ہوگیا۔ ذاتی شناسائی مخاصمت میں بدل گئی جس کا خمیازہ خاں صاحب کی وزارت عظمیٰ کے دوران ٹی وی سکرینوں سے دور رہ کر گوشہ گمنامی تک محدود رہتے ہوئے بھگتا۔

خود کو اناپرستی سے آزاد ہوئے "صوفی" کے طورپر پیش کرنے کا مجھے کوئی شوق نہیں۔ جی چاہے تو یقین کرلیں کہ بانی تحریک انصا ف نے اپنے وکیل سلمان صفدر کی وساطت سے وفاقی آئینی عدالت، سپریم کورٹ آف پاکستان اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کو "انسانی بنیادوں پر" جو "کھلا خط" بھجوایا ہے اسے پیر کی دوپہر تین سے زیادہ مرتبہ نہایت توجہ سے پڑھا اور جی اداس ہوگیا۔

جو خط پڑھا اس شخص کی جانب سے لکھا گیا تھا جسے نوجوانی میں ٹی وی سکرین پر جارحانہ انداز میں کرکٹ کی پچ پر بھاگتے ہوئے دن میں کئی بار دیکھا تھا۔ فاسٹ بائولر سے مختص توانائی کی موصوف مجسم علامت تھے۔ جارحانہ توانائی کی علامت وہ شخص مگر شیکسپیئر کے تخلیق کردہ "کنگ لیئر" کی طرح اپنی بے بسی نہایت سادگی سے بیان کررہا تھا۔ موصوف کے لکھوائے خط سے یاد آیا کہ وہ 74برس کے ہوچکے ہیں۔ میں بھی ان کی عمر کی جانب رینگ رہا ہوں۔ وہاں تک پہنچنے سے قبل ہی لیکن چند ماہ پہلے میرا بلڈ پریشر بھی اکثربے قابو ہونا شروع ہوگیا تھا۔ مختلف النوع ٹیسٹ ہوئے۔ ان سے گزرتے ہوئے ادراک ہوا کہ بلڈ پریشر قابو سے باہر ہوجائے تو دماغ کی شریانیں پھٹ سکتی ہیں۔ دل کا دورہ بھی خارج از امکان نہیں۔ انہیں ٹالنے کے لئے صبح اٹھتے ہی 4گولیاں اور رات سونے سے قبل دیگر نوعیت کی چار مزید گولیاں کھانا پڑتی ہیں۔ دل مضطرکو قابو میں رکھنے کے لئے صبح و شام حواس کو ٹھنڈا رکھنے کی دوائی بھی لینا پڑتی ہے۔ خاں صاحب کے طبی مسائل سے یگانگت کا احساس ہوا۔ دل سے برجستہ دعا نکلی کہ ربّ کریم انہیں آسانیاں عطاء فرمائے۔

مجھ جیسے "متعصب ناقد" کے جذبات کے برعکس عاشقانِ عمران کا ایک مخصوص گروہ سوشل میڈیا پر دہائی مچاتے ہوئے لوگوں کو یقین دلائے چلے جارہا تھا کہ ان کے مرشد سے جو خط "منسوب" کیا گیا ہے وہ وکیل صاحب نے ازخود لکھ دیا۔ "کپتان ڈٹ کے کھڑا ہے" والی کہانی پر اصرار نے مجھے حیران سے زیادہ پریشان کیا۔

عملی رپورٹنگ سے عرصہ ہوا ریٹائر ہوچکا ہوں۔ دو ہفتے قبل مگر بھنک پڑی کہ بانی تحریک انصاف اپنی اہلیہ کی علالت سے بہت پریشان ہیں۔ حقائق کی کھوج لگانے کو کچھ لوگوں سے رابطے کو مجبور ہوا۔ انتہائی قابل اعتماد ذرائع سے تصدیق ہوگئی کہ جو اطلاع مجھ تک پہنچی تھی وہ درست ہے۔ بشریٰ بی بی کی آنکھ کو سرجری درکار ہے اور اس کے لیے جیل کا ماحول مناسب نہیں۔ خاں صاحب اپنی ذات کو بشریٰ بی بی کی مشکلات کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔ انہیں آسانیاں فراہم کرنے کے لئے لچک دکھانے کو آمادہ ہیں۔ بشریٰ بی بی کی جیل یا ہسپتال منتقلی کے بعد ان کی تشویش میں کمی ہوسکتی ہے جو بلڈ پریشرکو قابو میں رکھنے کا کام بھی آسکتی ہے۔

اپنی اہلیہ کی مشکلات سے گھبراکر 74برس کی عمر کا شخص لچک دکھانے کو آمادہ ہے تو اسے "شیر بن شیر" کہتے ہوئے "ڈٹ کر کھڑے رہنے" کا مشورہ دینے والے عاشقان درحقیقت اپنے خوابوں میں موجود ہیرو کے المناک انجام کے منتظر ہیں۔ ان کے ساتھ خدانخواستہ کوئی سانحہ ہوگیا تو یہ عاشقان مرثیہ خواں بن کر سوشل میڈیا پر مجھے جیسے"ٹائوٹ" صحافیوں کی مذمت کے سوا کچھ اور نہیں کر پائیں گے۔

خودساختہ عاشقانِ عمران کے علاوہ مجھے مسلم لیگ (نون) کے چند وزراء کے بیانات نے بھی پریشان کیا۔ نواز شریف صاحب کو بھی 1990ء کے برس سے 2017ء تک "قدم بڑھائو، "کا یقین دلاتے ہوئے تخت یا تختہ والے معرکوں کی جانب دھکیلا گیا تھا۔ موصوف نے قدم بڑھائے تو بالآخرخود کو تنہا کھڑا پایا۔ جنرل مشرف اور عمران خان کی وزارت عظمیٰ کے دوران سعودی عرب اور بعدازاں لندن میں جلاوطنی کے طویل برس گزارنا پڑے۔ بالآخر لچک دکھاتے ہوئے وطن واپسی کی ر اہ بنائی۔

فانی انسانوں میں سے "ہیرو" تلاش کرنے کی کاوشوں پر غور کرتا ہوں تو 1981ء کا برس یاد آجاتا ہے۔ طویل بے روزگاری سے اُکتا کر مزید تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے لندن چلا گیا تھا۔ اس شہر میں لیکن قرار نصیب نہ ہوا۔ وطن کی یاد تنگ کرتی۔ صحافت کی سختیاں برداشت کرنے کو جی مچلتا۔ بے روزگاری کی تمنا مٹنے کا نام نہ لیتی۔ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے بے تحاشہ کارکن اور صفِ ا ول کے چند رہ نما لندن میں سیاسی پناہ گزین ہوئے رہ رہے تھے۔ متوسط طبقے سے اٹھے اکثر کارکن سوشل سکیورٹی پر زندہ تھے۔ کسی کے پاس بھی وطن لوٹنے کی حکمت عملی موجود نہ تھی۔ فقط ذوالفقار علی بھٹو کے "انقلابی ایام" کو یاد رکھتے اور اس خواہش کا مسلسل اظہار کہ بیگم نصرت بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو جنرل ضیاء کے مقابلے میں ڈٹی رہیں۔

دریں اثناء بیگم نصرت بھٹو طبی معائنے کے لئے نظر بندی سے ہسپتال طبی معائنے کے لئے لے جائی گئیں تو چند معالجین نے ان کے پھیپھڑوں میں سرطان جیسا موذی مرض نمودار ہونے کے شبے کا اظہار کیا۔ لندن میں مقیم پیپلز پارٹی کے جید "جیالوں " کا ہجوم ان کی مشکلیں آسان کرنے کا کوئی طریقہ دریافت نہ کرپایا۔ ایسے عالم میں بھٹو صاحب کے وفادار دوست اور دانتوں کے معالج ڈاکٹر ظفر نیازی تن تنہا لندن کے مشہور پکاڈلی سرکس کے ایک علاقے میں تین منزلہ بوسیدہ عمارت کی آخری منزل میں قائم ایک کمرے میں دفتر بنانے کے قابل ہوگئے۔

دل کا عارضہ لاحق ہونے کے باوجودسیڑھیاں چڑھ کر علی الصبح وہاں پہنچ جاتے اور بیگم صاحبہ کی مناسب تشخیص اور علاج کے لئے ایسے ا فراد سے خط وکتابت میں مصروف رہتے جو جنرل ضیاء پر اثر انداز ہوسکتے تھے۔ ان کی لگن نے مجھے شدید متاثر کیا اور احتراماََ ان کے لیے خط ٹائپ کرنا شروع کردیے۔ ڈاکٹر نیازی کی مدد کرنے کے بجائے "جیالے " سرگوشی میں مجھے یہ بتاتے کہ وہ "سی آئی اے کے بندے ہیں"۔

بیگم نصرت بھٹو کو پاکستان سے باہر نکلواکر پیپلز پارٹی کی "انقلابی تحریک" کو کمزور کرنا چاہ رہے ہیں۔ بیگم صاحبہ کی خوش بختی کہ ڈاکٹر نیازی مرحوم نے "سی آئی اے کی ہدایات" پر عمل جاری رکھا اور بالآخر فرانسیسی صدر تک رسائی حاصل کرلی۔ اس نے امریکی صدر ریگن سے رابطے کے بعد بیگم صاحبہ کی جلاوطنی یقینی بنائی۔ بعدازاں محترمہ بے نظیر بھٹو بھی لندن پہنچ گئیں اور 1986ء کے برس تک اچھے دنوں کا انتظار کرتی رہیں۔ بانی تحریک انصاف کو بھی ٹھوس طبی اور جذباتی وجوہات کی بنا پر "انقلاب" سے وقفہ لینے کی ضرورت ہے۔

About Nusrat Javed

Nusrat Javed, is a Pakistani columnist, journalist and news anchor. He also writes columns in Urdu for Express News, Nawa e Waqt and in English for The Express Tribune.

Check Also

Jamhuriat Aur Awami Masail: Falsafa Aur Haqiqat Ka Fasla

By Unzila Siddiqui