کئی دنوں سے خلقِ خدا کے دل ودماغ میں نہیں بلکہ ریگولر اور سوشل میڈیا ہی پر طوفان برپا ہے۔ بندوبستِ حکومت ہنگامی بنیادوں پر "ری سیٹ" کرنے کی گفتگو ہورہی ہے۔ "ری سیٹ" کے تناظر میں اقتدار واختیار کو "عوام کی دہلیز" تک پہنچانے کے لئے نئے صوبوں کی تشکیل بھی زیر بحث ہے۔ نام نہاد "نظام کہنہ" کے طفیل 1980ء کی دہائی سے کسی نہ کسی صورت اقتدار سے فیض یاب ہورہی سیاسی اشرافیہ "ری سیٹ" کی تجویز سے خوش نہیں۔ سیاست "ہائی برڈ" ہوجانے کی وجہ سے اگرچہ کھل کر اپنی رائے کا اظہار کرنے کی جرأت دکھا نہیں پارہی۔
"سیم پیج" کی برکتوں کے اسیر ہوئے سیاستدانوں کے برعکس منگل کی شام پیپلز پارٹی کے جواں سال رہ نما بلاول بھٹو زرداری نے کراچی پریس کلب جاکر صحافیوں سے طویل گفتگو کی ہمت دکھائی۔ سندھ کی حالیہ تاریخ سے آگاہ افراد کو ان کی "باغیانہ" تقریر سے حیرت نہ ہوئی۔ 1978ء سے 2011ء تک بطور صحافی میں نے فقط کراچی ہی نہیں سندھ کے دیگر شہروں اور دیہات میں کئی بار سفر کے دوران "دیہی" اور "شہری" کے نام پر بھڑکائی وحشت کا مشاہدہ کیا۔ 1970ء کے برس کراچی کے لیاری کی گلیاں ایک طالب علم تنظیم تشکیل دینے کی غرض سے چھانتا رہا ہوں۔ ایک دہائی قبل وہاں چھڑی "کینگ وار" نے اس کے باوجود بوکھلادیا تھا۔
سندھ کی حالیہ تاریخ اور ٹھوس حقائق سے ناآشنا افراد کے لیے یہ سمجھنا بہت دشوار ہے کہ بلاول بھٹو زرداری منگل کے روز کراچی پریس کلب جاکر دل کے پھپھولے برسرعام پھوڑنے کو مجبور کیوں ہوئے۔ ان کے خطاب سے دو دن قبل مگر ان کے والد لاہورگئے تھے۔ پروٹوکول کے تقاضے بھلاتے ہوئے بطور صدرِ پاکستان وزیر اعظم شہباز شریف سے "ہنگامی"دِکھتی ملاقات کو مجبور ہوئے۔ مذکورہ ملاقات سے 72گھنٹے قبل وزیر داخلہ محسن نقوی صاحب خصوصی طورپر نواب شاہ تشریف لے گئے تھے۔ "ری سیٹ" کا تقاضا ان کی زبان سے خلقِ خدا کے روبرو آیاتھا۔ یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ درحقیقت "پیغام کس کا تھا"۔
بھول بھلیوں سے اجتناب برتتے ہوئے لکھنا ہوگا کہ ہم عامیوں نے ہائبرڈ حکومتی بندوبست سے مانوس ہوجانے کی بدولت دو جمع دو کئے اور نتیجہ یہ نکالا کہ آصف علی زرداری کو ممکنہ طورپر "ورنہ" کے لیے استعمال کے ساتھ بتادیا گیا ہے کہ نئے صوبوں کی تشکیل کا عمل جلد از جلد شروع کرنا ہوگا۔ اس عمل کی راہ ہموار کرنے کے لیے ریفرنڈم کا انعقاد بھی ہوسکتا ہے جس کے نتائج ری سیٹ کو عوام کی خواہش دکھاسکتے ہیں۔ ہونی یا انہونی کو ٹالنے آصف علی زرداری لہٰذا لاہور پہنچ کر شہباز شریف سے ملاقات کو مجبور ہوگئے۔ یوں محسوس ہوا کہ وزیر اعظم صدر مملکت کے خدشات دور نہیں کر پائے۔ بلاول بھٹو زرداری کے پاس چوراہے میں کھڑے ہوکر اپنی جماعت کے تحفظات تندوتیز زبان میں بیان کرنے کے سوا کوئی راہ نہ بچی۔
آصف علی زرداری اور ان کے فرزند کے "ری سیٹ" کے حوالے سے خدشات و تحفظات پر غور کرتے ہوئے گزشتہ چار دن سے سوچے جارہا تھا کہ ہمارے ہاں نواز شریف نام کا ایک سینئر ترین سیاستدان بھی ہے۔ موصوف 1981ء میں پنجاب کے وزیر خزانہ تعینات ہوئے تھے۔ جنرل ضیاء کے مارشل لاء کی نرسری میں تیار ہوئے سیاستدانوں میں سے کامل لگن اور مہارت سے 1985ء میں آبا دی کے اعتبار سے ہمارے سب سے بڑے صوبے کے وزیر اعلیٰ تعینات ہوگئے۔ لاہور کے ایک صنعتی گھرانے سے ابھرے نوجوان سیاستدان کو نسلوں سے اقتدار کے کھیل میں نمایاں رہے کرداروں نے سنجیدگی سے نہ لیا۔ موصوف مگر 1990ء میں پاکستان کے وزیر اعظم کے منصب تک بھی پہنچ گئے۔
فوجی آمر کی نرسری سے ابھرنے کے باوجود 1993ء میں نواز شریف نے "میں ڈکٹیشن نہیں لوں گا" والا خطاب فرمادیا۔ اس کی بدولت 1997ء میں "ہیوی مینڈیٹ" کے ساتھ وزیر اعظم کے دفتر لوٹے۔ 12اکتوبر1999ء کی شب مگر فوجی مداخلت کی زد میں آگئے۔ جلاوطنی کی راہ بنائی اور 2013ء میں تیسری بار وزیر اعظم منتخب ہوجانے میں کامیاب رہے۔ 2017ء میں لیکن عدلیہ کی مداخلت نے انہیں ایک بار پھر طویل عرصے تک جلاوطنی کو مجبور کیا۔
نواز شریف ڈوب کر اُبھرنے اور اُبھر کر ڈوبنے کی نصابی مثال ہیں۔ ان دنوں کی حکمران جماعت ان کے نام سے منسوب ہے۔ وزیر اعظم ان کے برادرِخورد ہیں۔ آبادی کے اعتبار سے ہمارے سب سے بڑے صوبے کی وزیر اعلیٰ ان کی دختر ہیں۔ بذاتِ خود وہ کسی حکومتی منصب پر فائز نہیں۔ حکمران جماعت کے البتہ سربراہ ہیں۔
"ری سیٹ" کے حوالے سے برپا شور کے تناظر میں گزشتہ چار دنوں سے مسلسل سوچ رہا تھا کہ ایسے ہیجانی ماحول میں نوازشریف کیوں چپ ہیں۔ مزید حیرانی اس وجہ سے بھی ہوئی کہ "ہنگامی" دِکھتے حالات میں آصف علی زرداری لاہور پہنچے تو ان سے مشاورت کے لیے جاتی امراء نہیں گئے۔ مجھے خبر نہیں کہ آصف صاحب نے ان سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا یا نہیں۔ "ری سیٹ" کے تقاضے نے مگر حکومتی بندوبست کے سرخیل سیاستدانوں کو پریشان کررکھا ہے تو نواز شریف جیسے تین بار پاکستان کے وزیر اعظم اور اس کی وجہ سے دو بار طویل عرصے کے لئے جلاوطن رہے سیاستدان سے مشاورت ہر صورت درکار تھی۔ عملی رپورٹنگ سے دوری اختیار کرنے کی وجہ سے جی مگر حقیقی خبر کا سراغ لگانے کو مائل نہ ہوا۔ اپنی کاہلی کا جواز گھڑنے کو فرض کرلیا کہ نواز شریف کا جی سیاست سے اُٹھ چکا ہے۔ بڑھاپے میں گوشہ نشینی اختیار کرلی ہے۔
بدھ کی شام مگر نواز شریف صاحب نے مُجھ کاہل کو چونکادیا۔ موصوف اپنی دختر اور برادرِ خورد کے ہمراہ آزادکشمیر تشریف لے گئے۔ وہاں کی کابینہ سے ٹی وی پر براہِ راست دکھائی گفتگو کی اور مہارت سے تاثر یہ دیا کہ اپنے نام سے منسوب ہوئی مسلم لیگ کے نام پر قائم ہوئی جماعتوں کی کارکردگی پر وہ کڑی نگاہ رکھتے ہیں۔ انگریزی میں ایسی قیادت کے لئے-on Handsکا لفظ استعمال ہوتا ہے۔
آزادکشمیر کابینہ سے نواز شریف صاحب کی براہِ راست نشر ہوئی گفتگو بغور سننے کے بعد میں ڈھٹائی سے یہ دعویٰ کرنے کو مجبور ہوں کہ پاکستان کے سینئر ترین سیاستدان کے ذہن میں "ری سیٹ" کے حوالے سے واضح رائے موجود ہے۔ اس کے ا ظہار سے گریز کو لیکن وہ ترجیح دے رہے ہیں۔ سوال اٹھتا ہے کیوں؟