میرے ایک صحافی دوست بذاتِ خود ایک عالمی سطح پر مشہور اور مستندگردانے ہفت ر وزہ کے لئے باقاعدگی سے لکھتے ہیں۔ مجھے انہوں نے منگل کی صبح لنک نہ بھیجا ہوتا تو شاید مجھے اعتبار نہ آتا۔ اپنے دوست پر اندھے اعتبار کے باوجود میں نے ان کے لکھے لنک کو دوبارہ کھولا۔ ہر بار وہ مجھے امریکہ کے اخبار "نیو یارک پوسٹ" کی ویب سائٹ پر لے گیا۔ "نیویارک پوسٹ" بنیادی طورپر چسکہ فروش اخبار ہے۔ نیویارک کی مشہور شخصیات کی ذاتی زندگیوں کا تعاقب کرتا ہے۔ ٹرمپ کا پسندیدہ ہے اور اس کی ایک نمائندہ ایران اور پاکستان کے مابین جنگ بندی اور صلح کے مذاکرات کے دوران اسلام آباد بھی آئی تھی۔ مذاکرات ناکام ہوجانے کے باوجود اسلام آباد میں قیام پذیر رہی۔ امریکی صدر نے ازخود اس سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور اسلام آباد ٹکے رہنے کا مشورہ دیا تھا۔ اس کا مشورہ البتہ کسی کام نہ آیا۔ خاتون رپورٹر کو امریکہ لوٹنا پڑا۔ وہاں لوٹنے کے چند ماہ بعد وہ نیویارک پوسٹ سے مستعفی ہوکر اپنا یوٹیوب چینل چلارہی ہے۔
نیویارک پوسٹ کا ذکر مگر اس خاتون رپورٹر کی وجہ سے نہیں کررہا۔ صحافی دوست نے جو لنک بھیجا تھا وہ مذکورہ اخبار میں چھپی ایک خبر تک لے گیا۔ اس خبر میں ذکر ایک اور صحافی خاتون کا تھا۔ وہ خاتون امریکی نہیں مگر پاکستانی ہیں جو دو روز قبل مبینہ طورپر اپنے خاوند کے ہاتھ میں موجود پستول کی وجہ سے اب اس دنیا میں نہیں رہیں۔ ربیعہ احسن اس بچی کا نام ہے۔
ربیعہ سے محض ایک ملاقات یاد ہے۔ وہ میرے یار عامر متین کے ساتھ ایک ٹی وی شو کی ساتھی اینکر رہی تھی۔ عامر چند ماہ قبل تک ہمارے ایک اور دوست رؤف کلاسرا کے ساتھ مل کر ایک ٹی وی شو کے میزبان تھے۔ ربیعہ ان کی بھی ساتھی اینکر تھی۔ رؤف کو کسی غیر ملک سفر کے لئے پاکستان سے جانا پڑا تو عامر نے مجھے اپنے ساتھ بیٹھنے کا حکم دیا۔ اس کی حکم عدولی میرے لئے ممکن نہیں۔ وہاں پہنچا تو سیٹ پر بیٹھتے ہی ربیعہ سے ملاقات ہوئی۔ عامر پروگرام کی تیاری میں مصروف تھا۔ اس کی عدم موجودگی میں ربیعہ نے مجھے یاد دلایا کہ وہ طالب علمی کے دوران آج ٹی وی کے دفتر آئی تھی۔
میں وہاں "بولتا پاکستان" نامی شو کیا کرتاتھا۔ اس کے بتانے سے یاد آیا کہ طلباء کے جس گروہ کے ساتھ ربیعہ آئی تھی اس کی جانب سے کیے سب سے زیادہ ذہین سوالات ربیعہ ہی نے اٹھائے تھے اور میرے جوابات اسے اب بھی یاد تھے۔ نہایت خلوص سے مرحومہ نے استفسار کیا کہ سکرین پر اسے دیکھ کر میں کیا محسوس کرتا ہوں۔ دیانتداری سے بتانے کو مجبور ہوا کہ عامر اور رؤف جیسے گھاگ اور حاضر جواب صحافیوں کے ساتھ بیٹھ کر پروگرام کرتے ہوئے وہ ایک لمحے کوبھی گھبرائی نظر نہیں آتی۔ اس کے بال مگر اکثر اس کا چہرہ چھپادیتے ہیں جو سکرین پر اچھا نہیں لگتا۔ چند روز بعد ریموٹ گھماتے ہوئے میں نے اسے سکرین پر دیکھا تو اس کا چہرہ تاثرات کے ساتھ مزید نمایاں تھا۔ جی نے اچھامحسوس کیا کہ ایک جونیئر بچی نے بڈھے کی رائے کو توجہ کے قابل سمجھا۔
بچپن سے بڑھاپے میں داخلے تک ابلاغ کے تمام ذرائع سے منسلک رہا ہوں۔ اس کی بدولت نوجوان صحافیوں میں خلوص اور لگن جبلی طورپر دریافت کرلینے کی عادت ہے۔ ربیعہ کو سکرین پر دیکھ کر ہمیشہ یہ احساس ہوا کہ وہ بہت تیاری کے بعد پروگرام میں شریک ہوتی ہے۔ مردہ بھائی کا گوشت یعنی غیبتوں کے عادی ہم پیشہ افراد سے اس کے بارے میں کبھی ایک بھی منفی بات نہیں سنی۔ ربیعہ سے فقط ایک ملاقات کے باوجود اس کی ناگہانی موت نے جی اداس کردیا۔ سوشل میڈیا پر اس کے ذکرنے خوفزدہ بنائے رکھا۔ دو بیٹیوں کا باپ ہوتے ہوئے دل مزید گھبراجاتا ہے۔
سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں پر گند اچھالنے والوں نے گزشتہ چند برسوں کے دوران ٹی وی کی وجہ سے مشہور ہوئے تمام اینکر خواتین وحضرات کو بدی کی علامتیں بنارکھا ہے۔ حکمرانوں کے ٹاؤٹ مشہور ہوئے اینکر لفافوں اور تحائف کے عادی بتائے جاتے ہیں جو حرام کھانے کی ہوس میں سچ بولنے کی جرأت سے محروم ہوچکے ہیں۔ ربیعہ عامر متین اور رؤف کلاسرا جیسے مشہور ترین اور بااثر اینکروں کے ساتھ کئی برسوں سے شریک میزبان رہتے ہوئے بھی اس حد تک "خوش حال" تھی کہ اسے سفید پوشی کا بھرم رکھنے کے لئے خواتین کے لئے ایک سیلون بھی کھولنا پڑا۔ ٹی وی پروگرام کی میزبانی اور سیلون کی نگہبانی کے علاوہ وہ یوٹیوب کے لئے بھی ایک شو ریکارڈ کرتی تھی۔ اس کی مشقت نظر بظاہر اپنی دو بچیوں کو پالنے اور ان کا مستقبل بہتر بنانے پر مرکوز تھی۔
اس کی موت پر اسرار حالات میں ہوئی ہے۔ ربیعہ کو جاننے والوں کی اکثریت مگر مصر ہے کہ اس کی ازدواجی زندگی ناخوش گوار تھی۔ اس تاثر کو ذہن میں رکھتے ہوئے وہ اس کہانی پر اعتبار نہیں کررہے کہ اس کے خاوندکے ہاتھوں میں موجود پستول سے "اچانک" نکلی گولی سے وہ جاں بحق ہوئی۔ ربیعہ سے محض ایک ملاقات اور اس کی نجی زندگی سے کامل لاعلمی کی وجہ سے میں اس رائے پر تبصرے کا حق دار نہیں ہوں۔ دوستوں سے التجا ہی کی جاسکتی ہے کہ پولیس کو مجبور کیا جائے کہ وہ پیشہ وارانہ تفتیش کے تمام ذرائع استعمال کرتے ہوئے حقائق کا سراغ لگائے۔
نیویارک پوسٹ میں لیکن جو خبر چھپی ہے اسے یہ کالم لکھنے تک 94لاکھ افراد پڑھ چکے تھے۔ اس خبر نے دعویٰ کیا ہے کہ ربیعہ کے شوہرنے گھریلو ناچاقی کی وجہ سے اسے مبینہ طورپر قتل کیا ہے۔ اس خبر کے نیچے تبصرہ کرنے والے متعصب افراد کی بے پناہ تعداد حقارت سے اصرار کرتی رہی کہ پاکستان جیسے "وحشی" ملک سے ربیعہ کے قتل جیسی "ہولناک خبریں " ہی آسکتی ہیں۔ ایسے تبصرے پڑھتے ہوئے "وحشیانہ خبروں " کے حوالے سے امریکہ کے ذکر کو جی بارہا مشتعل ہوا۔ یہ کالم لکھنے کی خاطر مگر صبر کے گھونٹ پی لیے۔
محض اتفاق یہ بھی ہوا کہ پیر کی دوپہر میری ایک خاتون سے سرِ راہ ملاقات ہوگئی۔ وہ مجھے ٹی وی سکرین کی وجہ سے پہچانتی تھیں۔ پٹرول پمپ پر کھڑا تھا تو وہ میرے پاس آئیں اور استفسار کیا کہ میں ربیعہ سے واقف تھایا نہیں۔ میں نے حقیقت بتائی تو اس خاتون نے نہایت افسوس سے اطلاع دی کہ وہ اس کے چلائے سیلون کی مستقل گاہک تھیں اور ربیعہ اپنی ازدواجی زندگی کی تلخیوں سے اسے آگاہ رکھا کرتی تھی۔ میں نے مزید کریدنے سے اجتناب برتا۔
ربیعہ کی ناگہانی موت نے یاددلایا کہ گزشتہ دو دنوں سے میں عمیرہ احمد کے لکھے ڈرامے -درِنجات- کے بارے میں لکھے جارہا تھا۔ اس کا ایک کردار ابوبکر ہے۔ اسے پاکستان ہی نہیں بھارت اور بنگلہ دیش کی بے شمار بچیاں خوابوں کا شاہزادہ تصور کئے ہوئے ہیں۔ متوسط طبقے کی پڑھی لکھی بچیاں تعلیم حاصل کرلینے کے بعد شوہرکی ویسے غلام ہوہی نہیں سکتیں جیسی ہماری ماؤں کی نسلیں رہی ہیں۔ نوجوان بچے مگر ہمارے سماج میں آئی اس اہم تبدیلی کو سمجھنے میں ناکام رہے ہیں۔ انہیں "رن مریدی" سے باز رہنے کو اُکسانے والے بھی گھیرے میں لئے رہتے ہیں۔
اسی باعث ہمارے ہا ں چند برسوں سے خلع اور طلاق کے مقدمات میں پریشان کن حد تک اضافہ ہورہا ہے۔ کاروباری طورپر قابل رشک گھرانوں سے تعلق رکھنے والے کئی نوجوانوں نے گزشتہ چند برسوں کے دوران اپنی بیویوں کو وحشی جانوروں کی طرح قتل کیا ہے۔ عورتوں سے ایسی نفرت کا رجحان مگر پاکستان تک ہی محدود نہیں ہے۔ برطانیہ جیسے ملک میں بھی ایک ٹی وی ڈرامے نے عورتوں سے نفرت کے بڑھتے ہوئے رجحان کو دل دہلادینے کی حد تک بیان کیا تھا۔ عورت اور مرد کے ازدواجی تعلقات دورِ حاضر میں نئی شکل اختیار کررہے ہیں۔ پاکستان سمیت کل عالم ان سے آگہی کی راہیں تلاش کرنے میں لیکن اب تک ناکام ہے۔