Monday, 23 November 2026
  1. Home/
  2. Nusrat Javed/
  3. Sahafat Ke Naam Par Awazein Kaste Londay Lapare

Sahafat Ke Naam Par Awazein Kaste Londay Lapare

انٹرنیٹ کے ذریعے پھیلائی نفرت سے مغلوب ہوئے لونڈے لپاڑے پاکستان سے دلی پہنچے وزیر ڈاکٹر مصدق ملک کی بھارت آمد پر فقرے کس رہے ہوتے تو ہرگز حیران نہ ہوتا۔ اپنا سر تو چند دن قبل بھارت کی قدیم ترین سیاسی جماعت آل انڈیا کانگریس کے سرکاری ہینڈل سے سوشل میڈیا کے ایکس پلیٹ فارم کے لئے لکھا ایک پیغام پڑھتے ہی تھام لیا تھا۔ مذکورہ پیغام میں بھارتی وزیر اعظم کو یاد دلایا گیا کہ 2025ء میں مقبوضہ کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردی کے ایک واقعے کے بعد انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ "خون اور پانی"ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔ اپنے دعوے پر قائم رہنے کے بجائے مودی حکومت اس پاکستانی وزیر کو "بریانی کھلانے" کو بے چین ہے جس نے سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کے حصے میں آئے دریائی پانی کو روکنے والے "ہاتھ توڑنے" کی دھمکی دی تھی۔

بے شمار تاریخی، ثقافتی اور سیاسی وجوہات سے قطع نظر 1947ء میں قیام پاکستان کا فوری سبب کانگریس کی اپنائی ہٹ دھرمی بھی تھی۔ غیر جانب دار تاریخ دانوں کی اکثریت کا خیال ہے کہ برطانیہ کے تجویز کردہ کیبنٹ مشن پلان پر بالغ النظر سمجھوتے کے ذریعے آج کے پاکستان، بھارت اور بنگلا دیش کو کنفیڈریشن کی صورت قائم رکھا جاسکتا تھا۔ ہمارے خطے میں مسلسل کشیدگی اور متعدد جنگوں سے شاید اس منصوبے کے ذریعے گریز ممکن تھا۔ کانگریس کی جانب سے اس منصوبے کو تسلیم کرنے سے انکار بنگال اور پنجاب میں خونی تقسیم کا حقیقی ذمہ دار تھا۔

1948,1965اور 1971ء کے برس ہوئی پاک-بھارت جنگوں کے دوران کانگریس بھارت میں حکمران تھی۔ ان جنگوں کے انجام پر اسی جماعت نے لیاقت -نہرو، شملہ اور تاشقند جیسے معاہدے کئے۔ دریائی پانی کی تقسیم کے لئے سندھ طاس معاہدہ بھی اسی جماعت کے دورِ حکومت میں طے ہوا تھا۔ کانگریس سے ابھرے بھارت کے پہلے وزیر اعظم جواہرلعل نہرو کو اپنی سفارت کاری پربہت ناز تھا۔ بھارت کی وزارتِ خارجہ آج بھی اپنی روایات پربہت اِتراتی ہے۔ کانگریس کو یہ دریافت کرنے کے لئے امریکہ کے مشہور فلیچرسکول آف لاء اینڈ ڈپلومیسی کے شارٹ کورس کی ضرورت نہیں تھی کہ دہلی میں گزشتہ دو دنوں سے جو اجلاس ہورہا ہے اس کا انعقاد شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن (SCO)کی چھتری تلے ہوا۔

ہمارے یار چین کی پیش قدمی سے قائم ہوئی اس تنظیم نے اپنے رکن ممالک کے تہذیبی ورثے سے یگانگت اور باہمی تعاون کے سنگ میل تلاش کرتے ہوئے خطے میں پرامن اور خوشحال مستقبل کی راہ بنانے کے لئے یہ اجلاس بلوایا تھا۔ پاکستان اس تنظیم کا اہم رکن ہے۔ چین کا قریبی ہمسایہ ہے اور ہمارے ٹیکسلا سے بدھ مت مشرقی ایشیاء تک پھیلاتھا۔ ایس سی ا و ممالک کے تہذیبی ورثے کا ذکر ہو تو یہ بھلادینا ممکن نہیں کہ بھارت کے 800سال تک حکمران رہے دلاور وسطی ایشیاء کے ممالک سے پاکستان کے راستے دلی پہنچے تھے۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے کمال ذہانت سے دلاوروں کے ذ کر سے گریز کیا۔ سمرقند کا نام لے کر ظہیر الدین بابر کی قائم کردہ مغل سلطنت یاد دلانے کے بجائے غالب کا ذکر چھیڑا۔ سوشل میڈیا پر چھائے نفرت کے بیوپاری مگر واویلا مچاتے رہے کہ پاکستانی وزیر مدعو کیوں ہوا ہے۔ مصدق ملک کی دلی میں موجودگی سے برا فروختہ ہوئے افراد کو سوال یہ اٹھانا چاہیے تھا کہ بھارت چین کے ایما پر بنائی تنظیم کا رُکن کیوں ہے۔ 1962ء میں بھارت کی اس ملک کے ساتھ جنگ ہوئی تھی۔ اتنے برس گزرجانے کے باوجود بھارت کو چین سے ملانے والی سرحد اب تک باضابطہ سرحد بن نہیں پائی ہے۔

دونوں ممالک کے سرحدی مقام پر کھینچی لکیر کو Line of Actual Controlکہا جاتا ہے جس پر تعینات فوجیوں کے مابین وقتاََ فوقتاََ جنگی جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔ کئی دہائیوں سے پھیلی مخاصمت کو ریڑھی پر رکھ کر رواں صدی کے آغاز سے بھارت امریکہ کو یہ چورن بیچنا شروع ہوگیا کہ اگر اس کو معاشی اور دفاعی اعتبار سے توانا بنایا جا ئے تو وہ چین کے برابر کی قوت بن سکتا ہے۔ سودا مگر بکا نہیں۔

بھارت نے فقط اس برس اپنی معیشت رواں رکھنے کے لیے چین سے 131.63ارب ڈالر کی ریکارڈ بناتی اشیاء خریدی ہیں۔ کل بھارتی برآمدات کا یہ 17فی صد ہیں۔ دلی میں ہوئی کانفرنس میں پاکستانی وزیر کو مدعو نہ کرتے ہوئے بھارت نہ صرف چین کو خفا کرتا بلکہ ایس سی او نامی تنظیم کو بھی بے اثر دکھاتا۔ ایسا احمقانہ قدم اٹھانے کی اس میں ہمت نہیں تھی۔ سفارتی بھرم رکھنے کے لیے پاکستانی وزیر کومدعو کرنا پڑا۔ بھارت کی بدقسمتی کہ اسلام آباد نے ڈاکٹر مصدق ملک کو خصوصی طورپر مذکورہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے لئے نامزد کردیا۔

ڈاکٹر صا حب کے بدترین مخالف بھی یہ حقیقت تسلیم کرنے کو مجبور ہیں کہ وہ قابل رشک حد تک قادرالکلام اور حاضر جواب ہیں۔ ملٹی نیشنل کمپنیوں اور اعلیٰ سرکاری افسران کی تربیتی ورکشاپس کے لئے دنیا کے بے شمار ممالک میں مدعو کئے جاتے ہیں۔ لونڈے لپاڑوں کے ہاتھ میں مائیک تھماکر انہیں زچ کیا نہیں جاسکتا۔ گفتگو میں لوزبال پھینکنے کی انہیں عادت نہیں۔ چہرے پر مسکراہٹ جمائے ثابت قدمی سے متعصبانہ سوالات اٹھاتے "صحافیوں " کو یاد دلاتے رہے کہ وہ پاکستان اور بھارت کے مابین باہمی معاملات کے حوالے سے منعقد ہوئے کسی اجلاس میں شرکت کے لیے دلی نہیں آئے ہیں۔ ایک کثیر الملکی تنظیم کی جانب سے منعقد ہوا "تہذیبی مکالمہ" انہیں بھارت لانے کی اصل وجہ ہے اور وہ اپنی آمد کے بنیادی مقصد پر ہی توجہ مرکوز رکھیں گے۔

ایمانداری کی بات ہے کہ صحافت کے نام پر آوازیں کستے لونڈے لپاڑوں کے ڈاکٹر مصدق کے روبرو اٹھائے سوالات نے مجھے پریشان نہیں کیا۔ اصل حیرانی اس وقت ہوئی جب ڈاکٹر صاحب کے دہلی پہنچنے سے کئی دن قبل ہی میرے ہم عصر بھارتی صحافیوں کا ایک مخصوص گروہ ان کی آمد کو متنازعہ بنانا شروع ہوگیا۔ یوٹیوب کے لیے اس حوالے سے تیار کیے پروگراموں میں زہر اگلنے والے چند لوگ جن کے نام سے گریز کو ترجیح دوں گا "پاکستان اور تہذیب؟" والا سوال ڈرامائی حیرت سے اٹھاتے ہوئے یہ بھول گئے کہ ان کے اجداد 1947میں اسی دھرتی سے بھارت منتقل ہوئے تھے۔ وہاں پہنچنے کے بعد وہ "وحشی" سے "مہذب" نہیں بن گئے۔

ویک اینڈ ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر مصدق صاحب کے ساتھ دلی میں "صحافیوں " کے اختیار کردہ رویے کو حد سے زیادہ برداشت کرنا پڑا۔ اسے دیکھتے ہوئے 1984ء سے 2010ء تک بھارت کے بے تحاشہ سفر یاد آئے۔ ڈاکٹر مصدق کے حوالے سے جو نفرت دیکھی اسے رواں صدی کے آغاز سے چند ماہ قبل ہی بھانپ لیا تھا۔ "امن کی آشا" جگائے رکھنے کی خاطر میں وہاں طویل قیام کے لئے بھی تیار ہورہا تھا۔ میری بیوی اور بچیاں اس کے لیے رضا مند نہیں تھیں۔

میں نے درمیانی راہ ڈھونڈنے کے لئے طویل قیام کے لئے ہوٹل میں رہنے کے بجائے محلوں میں کمرے ڈھونڈنے کی کوششیں شروع کیں تو احساس ہوا کہ غالب کی دلی میں مسلمان متوسط طبقے کے لئے بنائے ان فلیٹوں میں رہ نہیں سکتا جو جدید رہائش کے نمائندہ ہیں۔ ماس (گوشت) پکانا ایسے گھروں میں ناممکن ہے۔ تقریباََ 25برس قبل جبلی طور پر پاکستان اور مسلمانوں کے خلاف ابھرتی جونفرت بھانپی تھی اس کی انتہادیکھ کر جی اپنے مشاہدے کو سراہنے کے بجائے انسانی میل ملاپ کی بنیادی قدروں کے مفقود ہوجانے کے بارے میں اداس ہوگیا۔

About Nusrat Javed

Nusrat Javed, is a Pakistani columnist, journalist and news anchor. He also writes columns in Urdu for Express News, Nawa e Waqt and in English for The Express Tribune.

Check Also

Jamhuriat Aur Awami Masail: Falsafa Aur Haqiqat Ka Fasla

By Unzila Siddiqui