Sunday, 03 May 2026
  1. Home/
  2. Rauf Klasra/
  3. Main Maid Hoon

Main Maid Hoon

کبھی کبھار میں یہ پروگرامز دیکھتا ہوں America got Talent، Britain Got Talent کئی ناقابل یقین لوگ اور منظر آپ کے منتظر ہوتے ہیں۔ عام لوگوں کے اندر کتنا ٹیلنٹ یا ہنر بھرا ہوتا ہے کہ آپ کو حیرانی ہوتی ہے۔ لیکن وہی بات کہ ہونی ہو کر رہتی ہے اور یہ فورم عام لوگوں کو راتوں رات اسٹار بنا دیتا ہے لیکن یہ سب کچھ راتوں رات نہیں ہوتا۔

میرا ماننا ہے کہ تقدیر ہر ایک کو زندگی میں ایک موقع ضرور دیتی ہے بس آپ اپنی تیاری رکھیں مایوس یا خاموش ہو کر گھر نہ بیٹھ جائیں۔

خیر یہ پچیس سالہ خوبصورت انگریز خاتون بھی ان میں سے ایک ہیں۔ ان کے گانے نے سب کو متاثر کیا، کئی کی آنکھوں سے پانی بہا لیکن جو بات سب سے متاثر کن تھی جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ کیا کرتی ہیں تو بتایا وہ گھروں میں صفائیاں کرتی ہیں۔ اس نے کہا مجھے اپنا کام یہ بہت پسند ہے۔

مجھے یاد آیا 2006 میں لندن پڑھنے گیا تو ایک دن میرا دوست شعیب مجھے ایک پاکستانی ریسٹورنٹ لے گیا۔ وہاں رش تھا۔ لائن لگی ہوئی تھی۔ ہم بھی لائن میں لگ گئے۔ ہمارے آگے ایک خوبصورت نوجوان لڑکا لڑکی کھڑے تھے اور باتوں میں مگن تھے۔ وہ نوجوان مجھے فلمی ہیرو لگا۔ میں نے کہا شعیب لگتا ہے یہ ہالی ووڈ فلموں کا ہیرو ہے۔

شعیب نے اس سے ہیلو ہائے شروع کی۔ باتوں باتوں میں پوچھ لیا تو وہ بولا میں پلمبر ہوں۔

میں نیا نیا پاکستان سے گیا ہوا تھا۔ یہ میرا پہلا کلچرل شاک تھا۔ ہمارے ہاں پاکستان انڈیا میں جو پلمبر کو جس نام سے بلایا یا عزت دی جاتی ہے وہ آپ سب جانتے ہیں۔

لہذا مجھے سن کر بڑا جھٹکا لگا کہ اتنا خوبصورت ہیرو جیسا نوجوان یہاں پلمبر کا کام کرتا ہے۔ (بعد میں پتہ چلا پلمبر لندن میں سب سے مہنگا پروفیشن ہے)

اپنے پروفیشن اور کام پر فخر کرنا میں نے ان گوروں میں دیکھا ہے۔ ان کے نزدیک ہر کام مقدس اور نیک ہے چاہے وہ گھروں کی صفائی (میڈ) ہو یا پلمبر کا۔۔ جس کام سے وہ پیسہ کماتے ہیں، عزت اور حلال روزی کماتے ہیں اس سے بڑھ کر ان کی زندگی میں اور کچھ نہیں۔

اس خاتون سے پوچھا گیا کیا وہ اتنا بڑا مجمع دیکھ کر نروس ہورہی ہیں؟

وہ بولی جی۔ میں چھوٹا موٹا گاتی رہتی ہوں لیکن اتنے بڑے منچ پر گانا پہلی دفعہ ہورہا ہے اور کچھ دیر بعد جب اس نے گانا ختم کیا تو پورا ہال کھڑے ہو کر تالیاں بجا رہا تھا۔ لیکن میں اس ایک جملے کی خوبصورتی میں کھویا رہا کہ میں گھروں میں میڈ/صفائی کرنے وال ہوں اور مجھے اپنا کام بہت پسند ہے۔

کتنی خوش نصیب ہے کہ جو کام اسے پسند ہے وہ وہی کرتی ہے اور اس سے بڑھ کر اس پر فخر کرتی ہے جیسے لائن میں لگے گورے نے شعیب کو فخر بتایا تھا کہ میں پلمبر ہوں اور اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ پاکستانی فوڈ کھانے آیا ہوا تھا۔

About Rauf Klasra

Rauf Klasra is a Pakistani journalist and Urdu language columnist. He files stories for both the paper and television whereas his column appears in Urdu weekly Akhbr-e-Jahaan and Dunya newspaper. Rauf was earlier working with The News, International where he filed many investigative stories which made headlines.

Check Also

Sisyphus Aur Hum

By Syed Muhammad Owais