Thursday, 13 August 2026
  1. Home/
  2. Syed Badar Saeed/
  3. Cholistan Ki Rait Par Umeed Ka Safar

Cholistan Ki Rait Par Umeed Ka Safar

صحرائے چولستان کی وسیع و عریض ریت کے سمندر میں زندگی کے آثار کو برقرار رکھنے اور اسے ایک بار پھر سرسبز و شاداب بنانے کا عزم دیوانے کا خواب ہی سہی لیکن ناممکن ہرگز نہیں ہے۔ جب بھی وطنِ عزیز کے قدرتی حسن، نایاب جنگلی حیات اور قدیم صحرائی کلچر کے تحفظ کی بات ہو تو ہمارے ادارے اور محافظ ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کرتے نظر آتے ہیں۔ بظاہر ویران ٹیلے اپنے اندر کئی خوبصورت داستانیں سمیٹے ہوئے ہیں۔ انہی میں ایک داستان اس قدیم صحرا کے اصل کلچر اور ماحول کو برقرار رکھنے والوں کی بھی ہے۔

روہی کی پیاسی دھرتی پر ہر سال کی طرح رواں برس بھی پاک فوج اور ہوبارہ فاونڈیشن انٹرنیشنل پاکستان کے مابین اشتراکِ عمل سے شاندار اقدامات اٹھائے گئے ہیں جو نہ صرف ماحولیاتی توازن کی بحالی کی روشن مثال ہیں بلکہ حب الوطنی اور فرض شناسی کا ایک ایسا درخشاں ستارہ ہیں جو آنے والی نسلوں کے لیے امید کا استعارہ بن گیا ہے۔ یہ کوششیں اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہیں کہ جب خلوصِ نیت اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ کوئی لائحہ عمل طے کیا جائے تو صحراوں میں بھی ہریالی کے پھول کھلائے جا سکتے ہیں۔

صحرائے چولستان صرف ریت کے ٹیلوں کا مجموعہ نہیں بلکہ یہ خطہ ہمارے قدیم تہذیبی ورثے، منفرد صحرائی کلچر اور بیش قیمت نباتات و حیاتیات کا امین ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ بڑھتی ہوئی انسانی سرگرمیوں اور ماحولیاتی تبدیلیوں نے اس نازک ایکو سسٹم کو شدید نقصان پہنچایا جس کی وجہ سے یہاں کی مقامی نباتات اور دنیا بھر سے

ہجرت کرکے آنے والے نایاب پرندوں کا مسکن خطرے میں پڑ گیا تھا۔ وسط ایشیا سے ہر سال ہزاروں میل کا طویل سفر طے کرکے پاکستان کے ان صحراں کا رخ کرنے والا ہوبارہ بسٹرڈ یعنی تلور اس خطے کی پہچان اور خوبصورتی کا ایک اہم حصہ ہے مگر خوراک کی کمی اور قدرتی مسکن کی تنزلی نے اس نایاب پرندے اور دیگر جنگلی حیات کی بقا کو خطرے سے دوچار کر دیا تھا۔ ان حالات میں ہوبارہ فاونڈیشن انٹرنیشنل، پاکستان نے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر اس چیلنج کو ایک قومی فریضہ سمجھ کر قبول کیا اور صحرا کی بگڑتی ہوئی صحت کو سنوارنے کے لیے عملی میدان میں قدم رکھا۔

اس مشن کی کامیابی میں پاک فوج کا کلیدی کردار اس بات کا مظہر ہے کہ ہمارے عسکری ادارے ملکی دفاع کے ساتھ ساتھ ارضِ پاک کی ماحولیاتی حفاظت اور فلاحی کاموں میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں۔ ہوبارہ فاونڈیشن کا صحرائی نباتات کی بحالی اور مسکن کے تحفظ کا یہ مسلسل اٹھائیسواں سال ہے جو اس عزم کی پختگی اور تسلسل کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس طویل المدتی اور جرات مندانہ منصوبے کے تحت پاکستان آرمی ہر سال ہوبارہ فانڈیشن کو خصوصی ہوائی جہاز مہیا کرتی ہے تاکہ ان علاقوں میں فضائی راستے سے بیجوں کا بکھیر کیا جا سکے جہاں زمینی ذرائع سے رسائی انتہائی دشوار یا ناممکن ہوتی ہے۔

اس سال بھی اسی مربوط حکمت عملی کے تحت ہوبارہ بسٹرڈ کی پسندیدہ خوراک اور مقامی صحرائی پودوں کے ایک سو دس کلوگرام نایاب بیج فضا سے چولستان کی وسعتوں میں بکھیرے گئے ہیں۔ اس طرح گزشتہ ستائیس برس میں مجموعی طور پر تین ہزار چار سو سینتیس کلوگرام بیج صحرا کی نذر کیے جا چکے ہیں جن کے مثبت اثرات اب ریت کے سینے پر سبزے کی صورت میں واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

ماحولیات کی بحالی اور مسکن کا یہ سالانہ جائزہ انتہائی حوصلہ افزا اور اطمینان بخش ہے جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ صحرائی نباتات میں مسلسل تقویت اور اضافہ ہو رہا ہے۔ اگرچہ یہ ایک طویل المدتی اور صبر آزما عمل ہے جس میں فوری نتائج کے بجائے مستقل مزاجی کی ضرورت ہوتی ہے لیکن پاک فوج کے آہنی عزم اور ہوبارہ فانڈیشن کے مخلصانہ تعاون نے اس ناممکن کو ممکن بنا کر دکھایا ہے۔ روہی کی ریت پر بکھرنے والا یہ سبزہ دراصل اس بات کا اعلان ہے کہ پاکستان کی مٹی سے جڑے لوگ اپنی ثقافت، جنگلی حیات اور قدرتی ورثے کو بچانے کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کو تیار ہیں۔ اس طرح کے مثبت اقدامات نہ صرف ہمارے ماحولیاتی توازن کو بحال کرتے ہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے ایک ایسے پرامن اور دوست ملک کا چہرہ بھی اجاگر کرتے ہیں جو قدرت کے حسین شاہکار اور نایاب حیات کی حفاظت کرنا بخوبی جانتا ہے۔

پاک فوج اور ہوبارہ فاونڈیشن کی یہ مشترکہ کاوشیں وطنِ عزیز کی ترقی، خوشحالی اور سبز و شاداب مستقبل کی ضمانت ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ پاک فوج کے تعاون اور کاوشوں سے پاکستان کے یہ صحرا اپنے قدیم کلچر کو برقرار رکھتے ہوئے مہمان پرندوں کی محفوظ آماج گاہ بنیں گے۔ اگر یہاں کے قلعوں، تاریخی عمارتوں کے ساتھ ساتھ ہرن اور تلور کے مسکن محفوظ بنائے جائیں تو یہ دنیا کے لیے ایک بڑا سیاحتی مرکز بھی بن سکتا ہے۔

Check Also

Heatwave Aur Tabqati Tazad: Suraj Aik, Sadme Do

By Unzila Siddiqui