Wednesday, 11 November 2026
  1. Home/
  2. Ali Raza Ahmed/
  3. Uljhanein Or Suljhanein (2)

Uljhanein Or Suljhanein (2)

کالی داس بوسالی۔ بوجھ

میں بھارت کا ایک مشہور ڈاکٹر ہوں۔ نانا پاٹیکر میرا اس وقت سے مریض ہے جب یہ ابھی نواسہ پاٹیکر کہلاتا تھا اور رانی مکر جی کا ہمسایہ تھا پہلے یہ دونوں کہیں آس پاس ہی رہتے تھے ایک مچھر نے ان دونوں کے ناک میں دم کرتا تھا لیکن رانی اس بات سے "مکر تی" تھی۔ میرے کلینک سے نکلتے ہی لوگ ان کے بارے میں پتا نہیں کیا کیا خبریں اڑا دیتے تھے آج کل یہ دونوں یہاں سے کہیں اور چل بسے ہیں۔ عرض ہے کہ میرے مریض اپنی بیماری کے متعلق جب بھی تفصیل پوچھتے ہیں تو میں انہیں مختلف مثالوں سے واضع کرتا ہوں لیکن نا جانے کیوں انہیں میری دلیل اور وضاحت کی سمجھ نہیں آتی اور الٹا ناراض ہو کر مزید بیمار ہوجاتے ہیں۔ مثلاََ اگر کسی کے لیب ٹیسٹ مجھے خراب دکھائی دیں تو میں ان سے کہتا ہوں باقی رزلٹ ٹھیک ہے لیکن جگر اور لبلبے میں آپ کی "سپلی" آ گئی ہے آپ کی اپنی بیوی سے اس کی ٹیوشن رکھنا پڑے گی یا اسہال کا مریض جب مجھ سے پوچھتا ہے کہ میں نے کچھ زائد نہیں کھایا مگر یہ اسہال پریڈ کیوں جاری ہے؟

میں ان سے کہتا ہوں دیکھو! پانی دینے والا ٹرک ہر روز پودوں کو پانی لگاتا ہے بعض اوقات اس کا لیور خراب ہو جاتا ہے اور اس سے مسلسل پانی بہنا شروع ہو جاتا ہے جسے مستری ہی ٹھیک کرتا ہے وغیرہ وغیرہ۔ اسی طرح کوئی اور مریض آکر پوچھتا ہے کہ میرا بلڈ پریشر بڑھنے کی کیا وجوحات ہیں تومیں ان کو سمجھاتا ہوں کہ سنو! جیسے موٹر سائیکل کا "آر پی ایم" بڑھ جائے تو اس میں سے اونچی آوازیں آنا شروع ہو جاتی ہے اور انجن کو زور لگانا پڑتا ہے وغیرہ۔ اسی طرح اگر کوئی ایسا مریض جس کو شوگر کی وجہ سے بہت سے مسائل ہوں تو میں دبے لفظوں میں اسے کہتا ہوں کہ انجن دھواں مار گیا ہے شاید یہ نیا رکھنا پڑے۔ اگر ماتا کے ساتھ اس کا بچہ انگوٹھا چوس رہا ہو اور و ہ تھک کر چھوڑ دے تو میں از خود اس کا انگوٹھا چوس کر اس کی دلجوئی کرتا ہوں۔

بس ایک ایسا مریض بھی ہے جس کے آنے سے ایک دن قبل ہی میری دائیں آنکھ پھڑکنا شروع ہو جاتی ہے اور پھر اگلے ہی دن کوئی آکر کہے کہ میں نے آ پ کو "آنکھیں دکھانا" ہیں تو میں ویسے ہی آنکھیں چرا کر ناک کی سیدھ نکل جاتا ہوں کیوں کہ ایسی بیماری پر آنکھ رکھنا میرا شبہ ہی نہیں ہے اور یہ میرے لئے "ناک قابل برداشت" ہوتا ہے حالانکہ میں گنگا سے کم کہیں اشنان نہیں کرتا جب بھی وقت ملے گنگا کا ہی رخ کرتا ہوں تاکہ جسم پر اس کی سمردھگی (برکت) متواتر برقرار رہے چنانچہ ان مریضوں کو تو ناراض ہو کر کانوں پر ہاتھ رکھنے چاہئیں بجائے اس کے کہ ناک پر ہاتھ رکھ کر مجھ سے بات کریں لہذا میری ہاتھ جوڑ کر کرپا ہے کہ مجھے مریضوں کے بے جارویے سے بچنے کا حل بتادیں۔

ادارہ: پہلے تو آپ سے "ill-تماس" ہے کہ گنگا میں چھ ماہ بعد نہانے کی ضد چھوڑ دیں مریض کلینک میں داخل ہوتے ہی ایک خاص "بو کھلاہٹ" کا شکار ہو کرایسی حرکات کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں آپ اسی وقت اپنی "بوتل" بند کرتے ہوئے ساتھ والا "بوہا" بھی کھول دیا کریں اور پیر بھی "بوٹوں" کے اندر ڈال لیا کریں شاید انگریزوں نے "بوٹ" کا لفظ بھی آپ کے کلینک کی چیکنگ کے دوران بُو کی وجہ سے دریافت کیا ہوگا اور ساتھ اپنی بولی کی بوچھاڑ بھی ذرا کم رکھا کریں اور ان کے رویوں کا ری ایکشن نہ دیا کریں ورنہ وہ آپ کے ایکشن کے خلاف ایکشن لے کر آپ کی بو سے ہی آپ کو "بوڑھا" کرسکتے ہیں بلکہ اپنے ہندی الفاظ کا بھی صحیح استعمال کریں ورنہ آپ کو کوئی سورگ باش بھی کر دے گا بلکہ بوڑھا ہوتا ہی وہ ہے جس کے منہ سر اور پیروں سے بو آنا شروع ہو جائے۔

آپ کسی کو یہ نہ کہیں کہ کوئی مریض میرے پاس دوبارہ نہیں آیا کی بجائے اس "ہ" اُڑا کر بولیں کہ دوبار آیا تھا۔ انہیں نیا انجن رکھنے کی بجائے صرف"اورہال" پر زور دیں ہمیں یہ بتائیں کہ عام موٹر سائیکل میں کون سا آر پی ایم میٹر ہوتا ہے آپ صرف ٹیوننگ کی بات کیا کریں۔ آپ اپنے ادبی اور فلسفیانہ دلائل کو یکسر بدل دیں کسی کے ٹیسٹ دیکھ کر انہیں صرف یہ تسلی دیں کہ یہاں آنے اور کھانے میں پرہیز کریں یہ امتحان جلد" کلیئر "ہو جائیں گے۔ اسہال کے مریضوں کو پہلے ہی تنبیع کر دیں کر وہ کلینک میں بلا مغالبہ مگر"بلا اسہالگہ" ہی تشریف لائیں کیونکہ آفس بوائے چھٹی پر ہے ورنہ کلینک کی بوکھلاہٹ میں مزید اضافہ دوسروں کے لئے ناقابل برداشت ہوگاباقی جس بچے کی آپ اپنے فطری اندازدلجوئی کرتے ہیں اس سے بھی پرہیز کریں کیونکہ آپ نے اس کی وضاحت بھی بغیر کسی"پرہیز" کے دینا ہوتا ہے۔ ان سب باتوں سے محسوس ہوتاہے کہ اب آپ کا بھی کہیں دور چل بسنے کا ارادہ ہے۔

راہول سنگھ۔ بھتے وال

میں جب پہلی دفعہ ہوشیار پور سے پونچھ گیا تھا تو وہاں غصہ کھانے کی وجہ سے ہی مونچھ اٹھا لی تھی چنانچہ میں وہاں ہی اس کی نئی بنیادیں رکھ کر آیا تھا کیونکہ ایک کشمیری نے مجھ پر غصہ کھاتے ہوئے پہلے والی باکل مونڈھ کر رکھ دی تھیں۔ میں بھی کون سا کسی سے کم ہوں میں نے بھی اس کا مونچھ بھر کر غصہ نکالا اس کے بعد میرے منہ پر کبھی ہنسی دکھائی نہیں دی کیونکہ ان مونچھوں میں وہ گم ہو کررہ جاتی ہے۔ دارو بھی استعمال کرتا ہوں اس کا ایک علیحدہ گھڑا رکھا ہے۔ مجھے لڑائی سے ڈر لگتا ہے اس لئے مونچھوں کی ہیبت ناکی دشمن کو پہلے ہی خوف میں مبتلا کر دیتی ہے جیسے میں نے مونچھیں نہیں کوئی موزررکھا ہو۔ اگر کوئی ٹیڑھے دماغ والا سامنے آجائے تو میں فوراً اس کی ہی مونچھ کا بال بن جاتا ہوں۔ زندگی میں بہت کمایا لیکن بس وہی کام آیا جس کا دارو پیا یا جوائی کھیلا۔ باقی سارا بینک بیلنس سمجھ لیں ضائع ہی کیا۔ اب میرے پاس ایک کچھا اور ایک کنگھا بچا ہے۔ اپنے سوتروں کے مطابق میرے مستقبل کی پلاننگ کے کچھ انوسار واضع کریں۔

ادارہ: آپ کے سوال سے ہی معلوم ہوگیا تھا کہ ہوشیار پوری ہیں آپ کی "مونچھ گافی" اور بال کی کھال اتارنے کا ویسے ہی پورے مشرقی پنجاب میں چرچا ہے۔۔

Check Also

Jamhuriat Aur Awami Masail: Falsafa Aur Haqiqat Ka Fasla

By Unzila Siddiqui